کراچی(بی ایل ٰآئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ پولیس پیشہ وارانہ امورمحنت، لگن اورجانفشانی سے انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں سندھ پولیس کی تعریف ہی کرتے ہیں۔ مجھے قوی امید ہے سندھ پولیس اپنی کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ سندھ پولیس ماہر تجربہ کار، پیشہ وراور با صلاحیت افسران اور جوانوں پر مشتمل فورس ہے۔ ایک ایسی فورس ہے جو اپنے جملہ امور کو خدمت انسانیت سمجھ کر ناصرف انجام دے رہی ہے بلکہ جرائم پیشہ عناصر کے لیے ایک خوف کی علامت بھی ہے۔
تقریب میں محکمہ پولیس سندھ کے پی ایس پی گروپ کے تحت ترقی پانے والے افسران کواگلے عہدوں پر ترقی کے رینک لگائے گئے۔
وزیراعلی سندھ اورآئی جی سندھ نے گریڈ20 سے 21 اور19 سے20 پرترقی پانے والےافسروں کو اگلے عہدوں کے رینک لگائےگئے۔تقریب میں چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری داخلہ سندھ، ایڈیشنل آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی، اسپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز، فائنانس اینڈ ویلفیئر نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ اسٹیبلشمنٹ، ایڈمن کراچی، زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی سی آئی اے بھی شریک ہوئے۔