بھارت سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، فواد چوہدری
اسلام آباد(بی ایل ٰآئی) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل سے خطے میں امن قائم ہوگا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری انیس سو سینتالیس نہیں اٹھارہ سو بتیس سے تحریک چلا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے محبوبہ مفتی اور میر واعظ عمر فاروق کا موقف یکساں قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں رہنما بھی کہنے پر مجبور ہوگئے کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ بھارت سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر حل ہوگا تو خطے میں امن قائم ہوگا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیریوں سے ہمارا رشتہ زمین کا نہیں بلکہ روح کا ہے۔ بھارت نے ریاست پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ بھارتی مظالم اب دنیا کی نظروں سے چھپ نہیں سکتے۔
صدرآزاد کشمیر سردار مسعود نے کہا کہ کشمیری انیس سو سینتالیس سے نہیں اٹھارہ سو بتیس سے تحریک چلارہے ہیں۔ ایک اذان کی تکمیل کیلئے بائیس کشمیریوں نے جانیں قربان کیں، زندہ کھالیں بھی اتاری گئیں۔