اسلام آباد(بی ایل ٰآئی)نایاب پرندے تلور کے شکار کیلئے آئے ہوئے سعودی شہر تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان نے وزیراعظم عمران خان کو سونے کی کلاشنکوف کا قیمتی تحفہ پیش کیا۔
سعودی عرب کے شہر تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور خارجہ سیکریٹری تہمینہ جنجوعہ بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود نے وزیراعظم عمران خان کو سونے کی (گولڈ پلیٹڈ) کلاشنکوف تحفے میں دی۔
گورنر تبوک تلور کے شکار کیلئے بلوچستان پہنچ گئے
بعد ازاں سعودی صوبے تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود تلور کا شکار کھیلنے چاغی پہنچے جہاں دالبندین ائیرپورٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی سمیت دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
سعودی شہزادے کیلئے یک مچھ کے قریب صحرائی علاقے میں کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں وہ تلور کا شکار کریں گے۔
نایاب پرندے تلور کی نسل تیزی سے معدوم ہوتی جارہی ہے لیکن اس پرندے کے شکار کیلئے عرب شہزادوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اس سے قبل قطری شہزادے فلاح بن جاسمسمیت دو شہزادوں کو تلور کے شکار کی اجازت دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ ماضی میں موجودہ وزیراعظم عمران خان تلور کے شکار کے مخالف رہے ہیں۔