سردیاں کیا شروع ہوئیں، کہیں کسی کی مہندی کی تقریب ہورہی ہے تو کہیں کسی شادی۔ سردیوں کو شادی کا سیزن کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ شادی کے موقع پر ہر ایک کی نظر دلہن پر مرکوز ہوتی ہے۔ دلہن کی جِلد، دلہن کے کپڑے، دلہن کی مہندی اور دلہن کا ہیئر اسٹائل کئی روز تک لوگوں کی گفتگو کا موضوع بن جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شادی سے کئی روز پہلے ہی دلہنیں اپنی خوبصورتی نکھارنے سے متعلق نت نئے اور آزمودہ طریقے اپنا نا شروع کردیتی ہیں۔ اگر آپ بھی ان طریقوں کی تلاش میں ہیں تو آج کا مضمون آپ کے لیے کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔
زیادہ تجربات سے گریز کریں
عام طور پر شادی کے دن نزدیک آتے ہی دلہنیں خوبصورت نظر آنے کے لیے ہر طرح سے تگ ودو میں مصروف نظر آتی ہیں لیکن بیوٹی ایکسپرٹ کے مطابق شادی کے دن قریب ہوںتو زیادہ تجربات سے گریز کیا جائے۔کسی بھی قسم کا نیا بیوٹی پراڈکٹ یا منفرد بیوٹی اسکن کیئر روٹین مثلاً فیشل اور مساج وغیرہ سےگریز کیا جائے کیونکہ نیا فیشل یا مساج کی کوئی نئی کریم (جسے آپ نے اس سے قبل استعمال نہ کیا ہو ) چہرے پر ایکنی یا جِلد کی خارش کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ چنانچہ ان دنوں زیادہ تجربات سے گزرنے کے بجائے اسی اسکن روٹین پر عمل کریں، جنہیں آپ پہلے سے کرتی آئی ہیں۔
ایڈوانس اپائنٹمنٹ
سردیوں میں زیادہ شادیاں ہونے کےباعث آپ کا پسندیدہ میک اَپ آرٹسٹ آپ کی شادی کے روز بھی مصروف ہوسکتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ سردیوں میں میک اَپ کی ایڈوانس بکنگ لازمی کروالیں۔ شادی کی تاریخ سے ایک دو ماہ پہلے آپ کوبکنگ لازمی کروالینی چاہیے۔
جِلد کی نمی کا خاص خیال رکھیں
سرد موسم میں خشک جِلد صنف نازک کااہم مسئلہ ہےاور چونکہ آپ دلہن بننے جارہی ہیں، اس لیے اپنی جِلد کا عام روٹین سے زیادہ خیال رکھیں۔ سردیوں کا آغاز ہوتے ہی روزمرہ کلینزنگ کی روٹین کو تبدیل کرنا ازحد ضروری ہے۔ خاص طور پر اس صورت میں جب آپ فومنگ جیل کی تیارکلینزنگ استعما ل کر رہی ہیں۔ ان کے بجائے milky اور کریم والے کلینزنگ سے چہرے کی روزانہ کلینزنگ کریں اور انہی کی مدد سے جِلد پر آہستگی سےمساج کریںاور صاف پانی سے چہرہ دھولیں۔ اس کے بعد کاٹن کے تولیے یا ٹشوپیپر کی مدد سے چہرہ خشک کر لیں۔اگر آپ کے ہونٹوں کی رنگت گہری ہے تو اسے ہلکا کرنے کے لیے رات بھر بادام کی کریم ہو نٹوں پر لگائیں۔
روٹین کی تبدیلی
شادی سے پہلے اپنی اسکن کیئر روٹین کا بے حد خیال رکھیں تاکہ آپ کی میک اَپ آرٹسٹ بھی آپ کی نرم وملائم اسکن دیکھ کر حیران رہ جائے۔ شادی سے چھ ماہ پہلے میک اَپ کا استعمال کم کردیں، اس کے علاوہ جِلد کی کلینزنگ ،موئسچرائزنگ اور ٹوننگ کا لازمی خیال رکھیں۔
گلوسی ہیئر لک
گرمیوں میں عام طور پر خشک اور کھلے کھلے بال پسند کیے جاتے ہیں لیکن سرد موسم آتے ہی یہ خشک بال کسی بھی دلہن کے لیے مسائل کھڑے کرسکتے ہیں مثلا شادی کی تقریبات میں ممکن ہے کہ خشک بالوں کے ساتھ آپ کا ہیئر اسٹائل ٹھیک نہ بنے۔ لہٰذا شادی سے کم ازکم دو ہفتے پہلے ہی ایسے ہیئر ماسک کااستعمال لازمی کریں، جو آپ کے بالوں کو چمکتا ہوا اور گلوسی لک دے ۔
ونٹر فلاور
کوئی بھی شادی پھولوں کے بغیر نامکمل سی محسوس ہوتی ہے۔ ہال یا کمرے کی سجاوٹ ہو یا پھر دلہن کی تیاری، پھول چکا چوند میں اضافہ کردیتے ہیں۔ ہمارے یہاں عام طور پر دلہنیں موسم گرما اور موسم سرما دونوں ہی موسم کی شادیوں میں بالوں کےلیے گلاب لگانا زیادہ پسند کرتی ہیں لیکن ہیئر ایکسپرٹ کی رائے اس سے کچھ مختلف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دلہنیںسردیوں میں ہیئر اسٹائل کے لیے ونٹر فلاور کا انتخاب کریں، یہ گلاب کے پھول کی نسبت زیادہ خوبصورت معلوم ہوں گے۔
شمری لک یا ہائی لائٹر
آج کی دلہنیں بھی بھاری میک اَپ کے بجائے نیچرل اور ہلکا میک اَپ پسند کرتی ہیں۔ رواں برس دلہنوں میں ایک سے زائد نمایاں اور گہرے آئی شیڈز لگانے کا رجحان نسبتاََ کم ہوگیا ہے اور ہلکے پھلکے آئی شیڈز کے ساتھ گلیٹر کا استعمال کرکے شمری آئی میک اَپ کو ترجیح دی جارہی ہے اکثر دلہنیں شادی کے میک اَپ کے لیے شمری لک کا ا نتخاب کرتی ہیںمگر سرد موسم میں شمری میک اَپ لک کے بجائے ہائی لائٹراور گلیٹر آئی میک اَپ کا استعمال زیادہ مفید ہے ۔بیوٹی ایکسپرٹ کے مطابق شمری لُک تصاویر کے لیے بھی مناسب نہیں، یہ بے جا چمک اور بوجھل تاثر پیدا کرتا ہے۔ چنانچہ ایک وقت میں ایک ہی فیچر کو نمایاں کریں۔
سپر فوڈ ڈائٹ
کوئی بھی میک اَپ یا بیوٹی پراڈکٹ آپ کی خوبصورتی میں وقتی اضافہ تو کرسکتا ہے لیکن جو خوبصورتی آپ کو سپر فوڈ ڈائٹ سے حاصل ہوگی، اس کا نعم البدل نہیں ہوسکتا ۔ لہٰذا اپنی ڈائٹ میں موسم سرما کی سوغات سبزیاں ،پھل اور ڈرائی فروٹ کا اضافہ کریں ۔