کراچی(فہیم صدیقی) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تھر تیزی سے ترقی کررہا ہے جس کا فائدہ تھر کے عوام کو حاصل ہورہا ہے۔
انہوں نے یہ بات بروز جمعرات کو تھر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر توانائی امتیاز شیخ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری توانائی اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔
مراد علی شاہ نے جلاس کو بتایا کہ تھر کول بلاک ٹو کے متاثرین ماڈل ولیج سنہری درس منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے سال میں تھر کے48 بچوں نے ماڈل اسکول میں داخلہ لیا جوکہ میرے لیے اطمینان بخش ہے۔
انہوں نے کہا کہ انشاء4 اللہ فروری میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ سے بجلی پیدا ہونا شروع ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تھر میں فیز ون میں 246927 خاندانوں اور فیز ٹو میں 248804 خاندانوں کو گندم فراہم کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر میں ماؤں اور انکے بچوں کیلئے فیملی راشن بیگ بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 36565 جبکہ دوسرے مرحلے میں 60650 راشن بیگ تقسیم کییگئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ فیملی پلاننگ کی طرف سے سال 2018ء میں آگاہی مہم بھی چلائی۔
انہوں نے فیملی پلاننگ کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ بچوں کی پیدائش میں وقفہ کے حوالے سے تھر کے عوام کے لیے خاص طورپر آگاہی مہم کومزید بہتر کیا جائے۔
انہوں نے تھر میں صحت کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ تھر تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے، جس سے تھر کے عوام بھی فیضیاب ہورہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام کی بہتری اور ترقی پر مزید کام کرنے کا فیصلہ کیا۔