کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے ازبک شہری کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے پر عدالت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چئیرمین نادرا، ایف آئی اے اور دیگر کو نوٹس جاری کردئیے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ اور جسٹس عمر سیال پر مشتمل ڈویژنل بینچ کے روبرو ازبک شہری کا نام فورتھ شیڈیول میں شامل کرنے سے متعلق سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ مصطفیٰ مہیسر اور ایس ایس پی ٹھٹھہ پیش ہوئے۔ درخواستگزار ازبک باشندے عبد الحئی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کافی عرصے سے دھابیجی کے قریب فیملی کے ساتھ رہائش پذیر ہوں فورتھ شیڈول سے نام خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔ چیف جسٹس نے ایس ایس پی ٹھٹھہ کو ضلع میں آباد غیر ملکی شہریوں کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ مصطفی مہیسر نے موقف اپنایا درخواست گزار عبدالحئی ازبک شہری ہے۔ عبدالحئی کے کچھ رشتے دار مستونگ دھماکے میں بھی ملوث ہیں۔ مشکوک صورتحال کی وجہ سے عبدالحئی کانام پولیس
نے فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا۔ ازبک شہری کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے پر عدالت برہم ہوگئی۔ چیف جسٹس احمد علی شیخی ریمارکس دیئے کہ سندھ کو اداروں نے عالمی تیم خانہ بنا دیا ہے۔ افغانی، بنگالی، ازبک، ویت نامی، برما ناجانے کہاں کہاں سے آکر لوگ سندھ میں آباد ہوگئے ہیں۔ اداروں کی نااہلی وجہ سے غیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ بھی جاری کردیئے جاتے ہیں۔