اسلام آباد( بی ایل ٰآئی)ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی خوشحالی امن اور قانون کی عمل داری میں ہے، آئندہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ملکی سلامتی پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامی کمیٹی کا اجلاس ہواجس میں ملکی سلامتی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے ملاقاتوں پر شرکاء کو اعتماد میں لیا۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزرا پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی ،اسد عمر، فوادچوہدری اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یارآفریدی بھی موجود تھے۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے دورہ چین سے متعلق کمیٹی ارکان کو آگاہ کیا، اجلاس میں ملکی سلامتی اوردفاع کے عزم کا اظہار کیا گیا۔سلامتی کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کی خوش حالی امن و استحکام اور قانون کی عمل داری میں ہے، ملکی سلامتی و ترقی امن اور استحکام سے مشروط ہے۔
تین گھنٹے جاری رہنے والے اس طویل اجلاس میں ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور امن وسلامتی سے متعلق سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ وزیراعظم نے شرکاء کو دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے ملاقاتوں اور تجارتی خسارے سے نمٹنے کیلئے چین سے ملنے والے ممکنہ امدادی پیکیج بارے آگاہ کیا ۔
اجلاس میں مجموعی ملکی سکیورٹی صورتحال اور حالیہ دھرنوں سے پیدا شدہ صورتحال پر بات چیت کی گئی اور اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ آئندہ کسی کوبھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کی خوشحالی اور امن واستحکام کیلئے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں آسیہ بی بی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور اس سے نمٹنے کی حکمت علی پر بھی غور کیا گیا جبکہ جلاؤ گھیراؤ اور نقصان کا جائزہ لیا گیا۔
عمران خان نے اپنے دورہ چین اور چینی صدر شی جن پنگ سمیت مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقات کے حوالے سے اراکین کو اعتماد میں لیا۔
جلاس میں پاک افغان سرحدی سیکیورٹی سمیت افغان مصالحتی امن عمل سے متعلق امور پر بھی بات کی گئی۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی۔
وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات قومی سلامتی کونسل کے اجلاس سے پہلے ہوئی جس میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو دورہ چین سے متعلق بھی آگاہ کیا اور انہیں اعتماد میں لیا۔