’’کراچی سے چھوٹے ممالک کی آمدنی پاکستان کی آمدنی سے زیادہ ہے‘‘

کراچی: 

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمداجمل خان نے کہا کہ جامعہ کراچی منی پاکستان ہے اس گلدستہ ملت میں ہررنگ وآہنگ کے معطرپھول آراستہ ہیں میرے وطن عزیزکے ہر صوبے کے طلبہ وطالبات اور اساتذہ اس کی تعمیر وترقی میں اپنا فعال کردار اداکررہے ہیں قائد اعظم محمد علی جناح کے فلسفے اتحاد ،تنظیم اور یقین محکم پر عمل پیراہوکر ہی ہم ایک عظیم فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔

پاکستان مشکل حالات سے گزررہاہے اور دہشت گردی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، ہم سب کو مل کر دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا،زندہ قوموں کے لیے آزادی کا دن اہم ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے71ویں یوم آزادی کے موقع پر جامعہ کراچی کے انتظامی بلاک کے پارک گراؤنڈ میں منعقدہ پروقار مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ڈاکٹر اجمل خان نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی نے ہر تعلیمی اور تحقیقی شعبے میں بین الاقوامی معیار کے دانشور اور سائنسدان پیدا کیے ہیں جن کی صلاحیتوں کی دنیا معترف ہے، بحیثیت اساتذہ ملازمین اور طلبہ ہم پر یہ ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وطن کی تعمیر اور ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار اداکریں۔

عصر حاضر مقابلے کا دور ہے اور اس کے لیے تیاری کی ضرورت ہے جو سائنس و ٹیکنالوجی اور تحقیق پر عبورحاصل کیے بغیر ممکن نہیں، تقریب میں چینی اساتذہ، غیر ملکی طلبہ اورملک کے نامورگلوکار دی ساؤنڈزآف کلاچی، برادری براڈکاسٹ ، تیمورجنید جمشید، زوئے وی کاجی و دیگر نے قومی نغمے پیش کیے جس کو ہزاروں کی تعداد میں موجود طلبہ اساتذہ،غیر تدریسی عملے اور عمائدین شہر نے بیحد سراہا۔

اس موقع پرسابق چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ومعروف سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمٰن نے کہا کہ کراچی سے چھوٹے ممالک کی آمدنی پاکستان کی آمدنی سے زیادہ ہے، سنگار پور جس کی آبادی 55 لاکھ کراچی کی ایک چوتھائی ہے اور اس کی پچھلے سال کی ایکسپورٹ 330 ارب ڈالرہے جبکہ پاکستان کی ایکسپورٹ 158 ارب ڈالر اور وہ اس مقام پر علم کے ذریعے پہنچے ہمیں بھی علم کے ذریعے آگے بڑھنا ہوگا۔

شیخ الجامعہ نے پرچم کشائی کی،بعد ازاں یوم آزادی کے حوالے سے کیک بھی شیخ الجامعہ نے کاٹا،تقریب میں روئسائے کلیہ جات پروفیسر ڈاکٹر اقبال اظہر،پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری ،پروفیسر ڈاکٹر تسنیم آدم علی،پروفیسر ڈاکٹر طاہرعلی،پروفیسر ڈاکٹر ناصرسلمان،جسٹس ریٹائرڈ ڈاکٹر غوث محمد ،سینٹرزوانسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹرز ،صدورشعبہ جات، اساتذہ ،ہزاروں طلبہ اور غیر تدریسی عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب میں ایسے طلبہ جنہوں نے جامعہ کراچی کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابی حاصل کی اور جامعہ کراچی کانام روشن کیاان میں بدست شیخ الجامعہ ایورڈز بھی تقسیم کیے گئے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.