کراچی میں بھتے کےلئے ٹیکنالوجی کا استعمال سامنے آگیا ہے ،پہلے شہر کے تاجروں کو پرچی آتی تھی ،پھر فون کال اور ایس ایم ایس اب واٹس ایپ پر دھمکی آمیز آڈیو پیغام آتا ہے ۔
بھتا خور واٹس ایپ کے لئے غیر ملکی نمبرز کا استعمال کررہے ہیں، پیغام میں ملزمان نے بھتے کی رقم کا مطالبہ کیا اور بصورت دیگر سنگین نتائج کی دھمکی دی ،تاجر نے معاملے سے پولیس کو آگاہ کردیا ۔
کراچی میں ایک بار پھر بھتا خور سرگرم ہونے لگے ہیں،اور انہوں نے اس بار انٹری جدید طریقے سے دی ہے ،کیونکہ ان کے نزدیک پرچی کے ذریعے رقم کا مطالبہ پرانا ہوا۔
اولڈ سٹی ایریا کے تاجر سے غیر ملکی نمبر کے ذریعے رقم کا مطالبہ کیا ،شہر بھر میں ہورہی تازہ وارداتوں کا آئی جی سندھ نے بھی نوٹس لے لیا ہے ۔
لیاری گینگ وار کے کارندوں نے بھتہ طلب کرنے کا نیا طریقہ نکال ڈھونڈ لیا ہے، اولڈ سٹی ایریا کے ایک تاجر کو گینگ وار کے کارندوں نے واٹس ایپ کے ذریعے آڈیو پیغام بھیج کر بھتے کی رقم طلب کی ، اور بھتہ ادا نا کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی بھی دے دی، تاہم بھتہ خوروں نے اس بار محتاط رہتے ہوئے غیر ملکی نمبر کا استعمال کیا۔
تاجر کو موصول ہونے والے آڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’پیار سے نہیں مانو گے تو گھر میں دری بچھادیں گے،تم چاہ رہے ہو کوئی نقصان ہو، بھتہ خورتم چاہ رہے ایک آدھ کی دری بچھے تم لوگ کے یہاں ‘۔
ملزمان کا جب ایک دھمکی آمیز پیغام سے کام نہیں بنا تو اس کے دوسرے ساتھی نے تاجر کو ایک اور پیغام بھیجا ’بات سن تیرا شجرہ پورا ہمارے پاس ہے، ابھی تک تیرے کو سمجھارہے ہیں ، تیرے کو سمجھ نہیں آرہی، اب تیرے کو دوسرے طریقے سے سمجھائیں گے‘۔
بھتے کا مطالبہ کرنے والوں کا تعلق لیاری گینگ وار کے ٖفیصل پٹھا ن گروہ سے ہے جبکہ تاجر نے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو صورتحال کے حوالے سے مطلع کردیا ہے۔