سپین کے مزیدار کھانے جو سب کھا سکتے ہیں!

سپین بہت سی چیزوں کے لئے مشہور سر زمین ہےجس میں فٹ بال ،لمبے اور گرم دن محض چند مثالیں ہیں۔یہ وہ سرزمین ہے جہاں کے جزیرے اور بہترین تعمیرات یورپ کی خوبصورت ترین تعمیرات میں شمار ہوتی ہیں۔اس کے علاوہ سپین کے کھانے

سپین کے مزیدار کھانے جو سب کھا سکتے ہیں!

اپنی ورائٹی اور ذائقوں کے لحاظ سے پوری دنیا میں اپنی مثال آپ ہیں۔سپین کے کھانے علاقائی کیوژن اور تاریخی واقعات سے بنی ثقافت اور معاشرتی ضروریات کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے بنائے جاتے ہیں ۔جغرافیائی حیثیت اور موسم کی صورت حال بھی کھانا بنانے کے طریقہ کار اور مصالحہ جات پر اثر انداز ہوتی ہے۔سپین کے کھانوں کا ذائقہ یہاں کی تاریخ کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

سپین کے کھانوں میں ورائٹی اس کی جغرافیائی حیثیت سے نہیں بلکہ اس کی قدیم تاریخ کے باعث ہے بہت سے لوگوں نے سپین پر حکومت کی اور یہاں کے کھانوں کو متاثر کیا۔ مثال کے طور پر یونانی ہزاروں سال پہلے سپین میں آئے اور انہوں نے اولیوز متعارف کروائے ۔بعد ازاں جب مسلمانوں نے سپین پر حکومت کی تو مصالحہ جات اور چاول وہاں کے کھانے میں شمار ہوگئے ۔اس تاریخی پس منظر کے علاوہ سپین کے مختلف علاقوں کے کھانا بنانے کے طریقہ کار اور علاقائی مصالحہ جات کی فراہمی کے مطابق ان کے ذائقے مختلف ہوتے ہیں۔سپین کے کھانوں کی مہک اور ان کے ذائقے کا تنوع سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔اسی پسندیدگی اور مقبولیت کو مد نظر رکھتے ہوئے سپین کے کھانوں کی تراکیب قارئین کے زیر نظر ہیں:

اسپینش آملیٹ

اجزاء:

گائے کا قیمہ۔ایک کلو

مٹر(اُبلے ہوئے)۔دوپیالی

انڈے۔ چار عدد

پیاز(باریک کٹی ہوئی)۔ایک عدد

فرنچ بینز(چھوٹے کٹے ہوئے)۔چار عدد

آلو(اُبلے اور چھوٹے کٹے ہوئے)۔دو عدد

کالی مرچ(کُٹی ہوئی )۔ ایک چائے کا چمچ

پنیر(کدوکش)۔دوکھانے کے چمچ

بیسن۔تین چائے کے چمچ

دودھ۔ایک پیالی

نمک۔ حسب ذائقہ

زیتون کا تیل۔ ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

انڈوں کی سفیدیوں اور زردیوں کو الگ کرلیں۔ سفیدیوں کو الیکڑک بیڑکی مدد سے خوب پھینٹیں۔ زردیوں کو الگ پھینٹ لیں اس میں آلو، مٹر، پیاز، فرنچ بینز، بیسن اور دودھ ملا لیں۔ فرائنگ پین کو تیل سے چکنا کریں اور پھر سفیدی پھیلائیں ۔ اس پر زردی ، زیتون کا تیل ، پنیر، کالی مرچ اور نمک ملاکر چند منٹ تک پکائیں۔اسے دہرا کر چند منٹ تک پکائیں اور پلیٹ میں نکال لیں۔

اسپینش فریٹیٹا

اجزاء:

انڈے۔ چار عدد

آلو(اُبلے اور سلائس میں کٹے ہوئے)۔ دو عدد

پیاز (کٹا ہوا)۔ آدھا کپ

ہرا دھنیا (کٹا ہوا)۔ ایک چوتھائی کپ

چیڈر چیز (کَش کیا ہوا)۔ ایک چوتھائی کپ

کالی مرچ (کُٹی ہوئی)۔ایک چائے کا چمچ

ہری مرچ (چوپڈ)۔ دو کھانے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

آئل۔ حسبِ ضرورت

ترکیب:

گرم آئل میں پیاز ہلکا فرائی کرکے نکال لیں۔اب انڈوں میں فرائیڈ پیاز، آلو، ہرا دھنیا، ہری مرچ، کالی مرچ، چیڈر چیز اور نمک مِکس کریں۔فرائنگ پین میں آئل گرم کریں۔انڈوں کے آمیزے کا آملیٹ بنالیں۔کاٹ کر گرم گرم سرو کریں۔

اسپینش رائس

اجزاء:

چاول (اُبلے ہوئے )۔ تین پیالی

نمک۔ حسبِ ذائقہ

لہسن (پیسٹ)۔دوسے تین جوئے

پیاز (باریک کٹی ہوئی )۔دوعدد

ٹماٹر (چوکور کٹے ہوئے) ۔تین عدد

زیتون( باریک کٹے ہوئے ) ۔آدھی پیالی

مشروم ( باریک کٹے ہوئے ) ۔دو پیالی

شملہ مرچ (باریک کٹی ہوئی)۔دو سے تین عدد

اجوائن۔ آدھا چائے کا چمچ

کالی مرچ( کٹی ہوئی )۔آدھا چائے کا چمچ

اولیو آئل ۔تین کھانے کے چمچ

ترکیب:

فرائنگ پین میں اولیو آئل کو ہلکا سا گرم کرکے لہسن اور پیاز کو ذرا سا نرم ہونے تک فرائی کریں۔پھر اس میں شملہ مرچ ڈال کر دو سے تین منٹ تک فرائی کرلیں۔ٹماٹر ، مشروم اور زیتون بھی شامل کردیں۔ذرا سی آنچ تیز کرکے 3 سے 4 منٹ تک فرائی کرنے کے بعد چاول شامل کردیں۔تیز آنچ پر فرائی کرتے ہوئے نمک، کالی مرچ اور اجوائن ڈال دیں۔ چاول کے ساتھ جب ساری چیزیں مکس ہو جائیں اور خوشبو آنے لگے تو چولہا بند کردیں ،اور گرم گرم اسپینش رائس کے مزے لیں۔

گیز پاچو کولڈ اسپینش سوپ

اجزاء:

ٹماٹر کا جوس۔ تین کپ

ٹماٹر(سلائس) ۔تین عدد

کھیرا۔ایک عدد

شملہ مرچ(کٹی ہوئی)۔ ایک عدد

پارسلے۔ ایک کھانے کا چمچ

سرکہ ۔ایک کھانے کا چمچ

لیموں کا رس۔ایک عدد

نمک ۔حسب ذائقہ

لہسن۔ ایک سے دوجوئے

ترکیب:

بلینڈر میں ٹماٹر کا جوس، ٹماٹر، کھیرا، ہری شملہ مرچ، پارسلے، سرکہ، لیموں کا رس، نمک اور لہسن ڈال کر بلینڈ کرلیں۔ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔

پائن ایپل پینا کولاڈا

اجزاء:

کریم ۔ایک پیکٹ

دودھ۔ ایک پاؤ

پائن ایپل ایسنس۔ چند قطرے

جیلٹن۔ دو کھانے کے چمچ

پانی۔ ایک چوتھائی کپ

ساس کے لئے:

پائن ایپل۔ آدھا کپ

کاسٹر شوگر ۔دو کھانے کے چمچ

کارن فلور ۔ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

ایک پین میں کریم، دودھ اور کاسٹر شوگر ڈال کر ابالیں۔اب چولہے سے اتار کر پائن ایپل ایسنس اور جیلٹن کا مکسچر شامل کرکے پیالے میں سیٹ کریں۔

ساس کے لئے:

پائن ایپل کو چاپر میں ڈال کر پیس لیں۔پھر اس میں کاسٹر شوگر اور کارن فلور پانی میں گھول کر ڈالیں۔اب پلیٹر میں پینا کوڈا نکال کر سائیڈوں پر ساس پھیلائیں۔پائن ایپل کے رنگز سے گارنش کرکے سرو کریں۔

اڈوبو اسپائسی چکن

اجزاء:

چکن بریسٹ (ہڈیوں کے ساتھ)۔ آدھا کلو

لال مرچ (سوکھی)۔تین سے چار عدد

ہری مرچ۔ تین عدد

اوریگانو ۔آدھا چائے کا چمچ

لہسن کے جوئے ۔تین سے چار عدد

ٹماٹر۔ ایک عدد

چکن کیوب ۔ایک عدد

سرکہ ۔تین کھانے کے چمچ

کالی مرچ(ثابت) ۔ایک چائے کا چمچ

دار چینی۔ ایک درمیانہ ٹکڑا

لونگ ۔چار سے پانچ عدد

زیرہ (ثابت)۔آدھا چائے کا چمچ

تیز پتا۔ ایک عدد

نمک۔ حسب ذائقہ

تیل ۔تین سے چار کھانے کے چمچ

ایلومینیم فوئل۔ حسب ضرورت

ترکیب:

پہلے چکن بریسٹ دو حصوں میں کاٹ کر اسٹیک ہیمر سے پریس کر لیں، تاکہ ریشہ نرم ہوجائے۔اس کے بعد لال مرچ کو اُبال کر بلینڈر میں ڈالیں۔ساتھ میں ہری مرچ، اوریگانو، لہسن کے جوئے، ٹماٹر، چکن کیوب اور سرکہ شامل کرکے خوب اچھا سا پیسٹ تیار کرلیں۔اگر ضرورت ہوتو تھوڑا سا پانی ڈال سکتے ہیں۔ پھر اسے ایک طرف رکھ دیں۔اب خشک مصالحہ پیسنے والی مشین میں ثابت کالی مرچ، دار چینی، لونگ، زیرہ اور تیز پتا شامل کرکے پیس لیں۔جب پاؤڈر بن جائے تو اسے ٹماٹر والے سوس میں شامل کردیں۔ساتھ ہی نمک بھی ڈال دیں۔اب چکن کو اس سوس میں خوب اچھی طرح سے میری نیٹ کریں۔گرل پین میں تھوڑا سا تیل شامل کرکے انھیں گرل کرلیں۔جب دونوں جانب سے تھوڑا سا گولڈن کلر آجائے تو ایلومینیم فوئل میں لپیٹ کر انھیں اوون میں دو سو ڈگری سینٹی گریڈ پر آٹھ سے دس منٹ تک بیک کرلیں۔آخر میں انھیں نکال کر اُبلے چاول یا بریڈ کے ساتھ سرو کریں۔

مینگو ریتا

اجزاء:

آم۔ ایک عدد

کوکونٹ ملک ۔ایک کپ

سبز فوڈ کلر۔ ایک چائے کا چمچ

لیموں کا رس۔ دو کھانے کے چمچ

شہد۔ دو کھانے کے چمچ

چینی ۔چار کھانے کے چمچ

نمک۔ چوتھائی چائے کا چمچ

برف۔ حسب ضرورت

ترکیب:

آم کو چھیل کے اس کا گودہ، لیموں کا رس، شہد، چینی، نمک کو جوسر بلینڈر میں ڈال کے بلینڈکریں۔ پھر کوکونٹ ملک اور سبز فوڈ کلر شامل کرکے بلینڈکرلیں۔سرو کرنے سے پہلے برف شامل کرکے بلینڈکریں اور پھر سرو کریں۔

چکن ود ایلے پینو سوس

اجزاء:

چکن فلے (بوٹیاں)۔چار عدد

انڈے کی سفیدی۔ دو عدد

برف کا پانی۔ ایک پیالی

سفید مرچ( پسی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ

میدہ ۔دو کھانے کے چمچ

تیل(تلنے کے لیے)۔ حسب ضرورت

نمک ۔حسب ذائقہ

سوس کے لیے:

ہری مرچ(بڑی)۔ تین عدد

یخنی۔ ایک پیالی

فریش کریم ۔آدھا پیکٹ

چیڈر چیز۔ ایک چھوٹا پیکٹ

میدہ ۔دو کھانے کے چمچ

مکھن۔ دو کھانے کے چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

یخنی کے لیے:

لہسن۔ ایک ڈلی

تیز پتا۔ ایک عدد

کالی مرچ ۔چار عدد

چکن کی ہڈیاں۔ تھوڑی سی

پانی۔ دو سے تین پیالی

نمک ۔حسب ذائقہ

پارسلے ۔چھڑکنے کےلئے

ترکیب:

پہلے چکن بوٹیوں کو اچھی طرح دھوکر چھلنی میں رکھیں۔ایک پیالے میں برف کا پانی اور انڈے کی سفیدی ملادیں۔اب ٹھنڈا پانی، میدہ، نمک اور پسی سفید مرچ ملاکر اچھی طرح پھینٹ لیں، تاکہ گاڑھا آمیزہ بن جائے۔پھر چکن بوٹی کو آمیزے میں ڈبو کر تیل میں ڈیپ فرائی کریں اور گولڈن براؤن کرکے نکال لیں۔

یخنی کے لیے:

ایک دیگچی میں چکن کی ہڈیاں، پانی، لہسن، کالی مرچ، تیز پتا اور نمک ڈال کر یخنی تیار کریں اور چھان کر رکھ دیں۔

سوس کے لیے:

ایک کڑاہی میں مکھن گرم کرکے ٹکڑے کی ہوئی بڑی ہری مرچ کو اسٹر فرائی کریں۔ پھر اس میں میدہ شامل کرکے ہلکا سا بھونیں اور چولہے سے اُتار لیں۔جب ذرا ٹھنڈا ہو جائے تو اس میں تیار یخنی ڈال کر چمچ چلاتے رہیں۔جب سوس گاڑھی ہو جائے تو فریش کریم اور چیڈر چیز شامل کردیں۔ آخر میں ایک ڈش میں چکن ڈال کر تیار سوس ڈالیں اور اوپر سے تھوڑے پارسلے چھڑک دیں۔مزے دار چکن ایلے پینو تیار ہے۔

کریمہ کیتلینہ

اجزاء:

دودھ۔ آدھا کلو

دار چینی۔ ایک انچ کا ٹکڑا

لیموں (چھلکے)۔ ایک عدد

انڈے کی زردی۔ چار عدد

آئسنگ شوگر۔ آدھا کپ

کارن فلور ۔ایک سے ڈیڑھ کھانے کا چمچ

جائفل (کُٹی ہوئی)۔ایک چٹکی

ترکیب:

ایک پین میں دار چینی، دودھ اور لیموں کے چھلکے ڈال کر اُبال لیں۔اُبال آجائے تو اسے چھان کر لیموں کے چھلکے الگ کرلیں اور ایک طرف رکھ دیں۔اب ایک مکسنگ پیالے میں انڈے کی زردی اور آئسنگ شوگر مکس کرکے پھینٹ لیں۔ جب وہ فلفی ہو جائے تو دودھ کے آمیزے میں شامل کرلیں اور اس میں کارن فلور اور جائفل مکس کرکے گاڑھا ہونے تک پکائیں۔پھر اسے اوون پروف سانچے میں ڈالیں اور پہلے سے گرم اوون میں دو سو ڈگری سینٹی گریڈ پر رنگ آنے تک بیک کرلیں۔کلر آجائے تو نکال کر ٹھنڈا کرلیں اور سرو کریں۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.