اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن نے نگراں وزیراعظم کے لیے جسٹس (ر) ناصر الملک کے نام کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کیا، اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔
نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان 6 ملاقاتیں ہوئیں اور چھٹی ملاقات میں جسٹس (ر) ناصر الملک کے نام پر اتفاق کیا گیا۔ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک کے جمہوری دور میں ایک اہم دن ہے جس کے لیے 6 ہفتے سے مذاکراتی عمل چلتا رہا اور ایسے شخص کا انتخاب کیا گیا ہے جن کا ماضی سب کے سامنے ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کا فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا، اپوزیشن لیڈر اور ان کی جماعت کا مشکور ہوں۔
اس موقع پر قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کہا جاتا رہا کہ سیاستدان خود فیصلے نہیں کرتے، خوشی ہے کہ ایک مرتبہ پھر ہم اپنے جمہوری پانچ سال پورے کررہے ہیں، سب لائق اور قابل احترام ہیں۔