قومی زبان کو ذریعہ تعلیم نہ بنانے سے ملک غربت کے اندھیروں میں ڈوب گیا،ممنون حسین

اسلام آباد (بی ایل ٰآئی ) صدرمملکت ممنون حسین نے کہاہے عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو انکا خودارادیت دلانے میں کردار اداکرے،پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے زیرسرپرستی نویں سالانہ قومی کتاب میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا قومی زبان کو ذریعہ تعلیم نہ بنانے سے ملک غربت کے اندھیروں میں ڈوب گیاکتاب سے دوری نے عالمی سطح پر بے چینی اور خونریزی کا راستہ کھولا ہے، علمی اور تحقیقی سرگرمیوں کو قومی زبان سے وابستہ کیا جائے، کتاب انسانی ذہن میں جنم لینے والے افکار و خیالات کی تہذیب کرکے نئی دنیائوں کی تخلیق کا ذریعہ بنتا ہے، کتاب اور انسان کے تعلق کا نکتہ عروج کتابِ ہدایت یعنی قرآن حکیم ہے جس نے افکار و خیالات اور تہذیبی کم مائیگی میں بھٹکتی ہوئی انسانیت کو منزل کا پتہ دیا اوربلندیوں پر پہنچایا، توقع ہے یہ میلہ وطنِ عزیز کے طول و عرض میں علم کا نور اور کتابوں کی خوشبو پہنچانے میں کامیاب رہے گا، انسانی ذہن مثبت انداز میں سوچے گا تو انسانیت کو خوشی اور سکون ملے گا، صورتحال مختلف ہوگی تو معاملات

بگڑ جائیں گے، منفی افکار و خیالات کو مثبت و مفید قوت میں بدلنے کا سب سے موثرذریعہ کتاب ہے، پاکستان کے ادیبوں ، دانشوروں ، کتاب گروں اور کتاب خوانوں کو چاہئے وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں اسی مشن کی تکمیل پر صرف کر دیں، اہلِ علم اور ریاستی اداروں کے فکر و عمل کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوجائے،نیشنل بک فاونڈیشن کتاب اور فروغِ علم کیساتھ ساتھ اہل علم اور مصنفین کی بہتری اور خوشحالی کیلئے بھی کام کرے، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا جدید ٹیکنالوجی کے باوجود کتاب سے عوام کا رشتہ نہیں ٹوٹا، ملک میں معیاری اور زیادہ تعداد میں کتب شائع کرنیوالے ناشرین کو قومی ایوارڈ دینے کی بھی تجویز ہے ، سابق وزیراعظم نواز شریف نے پچاس کروڑ روپے سے انڈاؤمنٹ فنڈ قائم کیاتھا اس سے ماہانہ آمدنی آنا شروع ہوگئی ہے، ہمارا ڈویژن اہل قلم کی تصنیفات کو سرکاری خرچ پر شائع کریگا ہم تمام مصنفین کی کتب کی مارکیٹنگ خود کرینگے اور رائلٹی انکی دہلیز پر فراہم کرینگے ، صدرمملکت کی تجویز پر دار الترجمہ کا شعبہ قائم کردیاگیا ہے،وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن اور نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے بتایا پانچ نئے شہروں میں این بی ایف کی شاخیں کھولی جائینگی ، اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر بھی این بی ایف کتاب گھر کھولے جارہے ہیں۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.