صحت کے لیے نقصان دہ مشروبات

اسلام آباد(بی ایل ٰآئی )گرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے اور ایسے میں گرمی بھگانے کے لیے مختلف ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ جسم کو راحت پہنچائی جا سکے۔

لیکن آپ کو علم ہونا چاہیئے کہ جو مشروب آپ پی رہے ہیں وہ آپ کے لیے فائدہ مند ہے بھی یا نہیں۔ آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ کون کون سے مشروبات آپ کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچا رہے ہیں۔

پھلوں کا جوس

ایک عام خیال ہے کہ مختلف پھلوں کے جوس صحت کے لیے بہترین اور فائدہ مند ہیں لیکن ماہرین طب اس تصور کو غلط قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پھل کی اصل غذائیت اس کے بیجوں اور چھلکوں میں موجود ہوتی ہے جو جوس نکالنے کے لیے ہم پھینک دیتے ہیں۔

ان کے مطابق پھلوں کا جوس بہت تھوڑے فوائد کا سبب بنتا ہے البتہ یہ وزن میں اضافے کا سبب ضرور بن سکتے ہیں۔

سوڈا مشروبات

بازار میں عام طور پر دستیاب سوڈا مشروبات جنہیں ہم کولڈ ڈرنکس بھی کہتے ہیں ہماری صحت کے لیے زہر کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ان کا مستقل استعمال ہمیں موٹاپے اور ذیابیطس سمیت بے شمار بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے۔

ڈائٹ مشروبات

اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ڈائٹ مشروبات پی کر آپ وزن بڑھانے اور ذیا بیطس پیدا کرنے والے اجزا سے بچ گئے ہیں تو آپ سراسر غلط ہیں۔

بظاہر ڈائٹ مشروبات میں عام مشروبات کے مقابلے میں کیلوریز کم ہوتی ہیں۔ علاوہ ازیں اس میں موجود مصنوعی مٹھاس میٹھے کی طلب کو بھی پورا کرتی ہے، لیکن درحقیقت یہ جسم کے لیے عام ڈرنکس سے بھی زیادہ نقصان دہ ہوتی ہیں۔

دراصل ڈائٹ مشروبات میں شامل مٹھاس عام میٹھے کی نسبت زیادہ میٹھی ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ میٹھا شوگر کا شکار افراد کو بعین وہی نقصانات پہنچاتا ہے جو قدرتی میٹھا پہنچا سکتا ہے۔

انرجی ڈرنکس

بعض افراد توانائی حاصل کرنے اور حسیات کو جگانے کے لیے تلخ کافی کے بجائے انرجی ڈرنکس پینا پسند کرتے ہیں تاہم یہ بھی جسم کے لیے بے حد نقصان دہ ہیں۔

ان میں موجود اجزا وقتی طور پر آپ کو توانائی کا احساس دلاتے ہیں لیکن اندر سے یہ آپ کے جسم کو کھوکھلا کرتے ہیں۔

سموتھی

مختلف پھلوں کی بنائی جانے والی سموتھی اگر گھر پر بنائی گئی ہو تب تو یہ فائدہ مند ہے، تاہم بازار سے خریدی گئی سموتھی ممکن ہے کہ عام مشروبات کی طرح آپ کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچائے۔

سموتھی میں پھلوں کے چھلکے بھی ملائے جاتے ہیں لہٰذا یہ صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔ تاہم باہر سے ملنے والی سموتھی کو خوش رنگ اور خوش ذائقہ بنانے کے لیے اس میں مختلف مصنوعی عناصر شامل کیے جاتے ہیں۔

فلیورڈ کافی

ویسے تو ماہرین طب کے مطابق کافی جسم کے لیے فائدہ مند ہے، تاہم اگر آپ اس میں بہت سارا سیرپ، کریم اور چاکلیٹس ڈال کر استعمال کریں گے تو یہ آپ کے لیے سوڈا مشروبات کی طرح ہی نقصان دہ ہے۔

الکوحل

مختلف اقسام کی شرابوں اور الکوحل کا استعمال ابتدا میں وزن بڑھانے کا سبب بنتا ہے، بعد ازاں یہ اندرونی طور پر جسمانی اعضا کو متاثر کرنا شروع کردیتی ہیں لہٰذا ان سے پرہیز کرنا بہتر ہے۔

About BLI News 3242 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.