پی سی ایل ، سپاٹ فکسنگ کی کوشش ناکام

پی سی ایل ، سپاٹ فکسنگ کی کوشش ناکام

 دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے دوران بھی سٹے بازوں نے سپاٹ فکسنگ کی ایک اور کوشش کی، اس بار کھلاڑیوں سے رابطے کا ذریعہ سوشل میڈیا ویب سائٹس تھیں جسے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے ناکام بنا دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تفتیش کاروں نے انٹیلی جنس نیٹ ورک کے ذریعے جو شواہد حاصل کیے ہیں اس کے مطابق ان سٹے بازوں کا تعلق بھارت اور بنگلہ دیش سے ہے، جنہوں نے پاکستان سپر لیگ کے دوران کم از کم تین ٹیموں کے کھلاڑیوں سے واٹس ایپ اور فیس ٹائم کے ذریعے رابطہ کیا ، لیکن تینوں کرکٹرز نے فوری طور پر اس واقعے کو رپورٹ کردیا ہے۔  ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ان کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد ہیں کہ دونوں سٹے باز دبئی میں دکھائی دیئے ہیں تاہم ابھی تک ٹیم ہوٹلوں سے دور ہیں۔انسداد کرپشن یونٹ نے تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کوبریفنگ دی ہے جس میں بتایا گیا کہ  سٹے بازوں کی دبئی آمد کی اطلاع ہے۔ بریفنگ میں ایک سٹے باز کی تصویر بھی دکھائی گئی اور کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان میں سے کوئی بھی شخص ٹیم ہوٹل کے ارد گرد دکھائی دے تو اس کی فوری رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کردی جائے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے طور پر جو تحقیقات کی ہیں، اس کے مطابق دونوں سٹے بازوں کا تعلق انٹرنیشنل مافیا سے ہے اور دونوں آئی سی سی اور ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کی فہرست میں بلیک لسٹ ہیں۔ دوسری جانب پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی اور پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے حکام آئی سی سی کی معاونت سے پورے سسٹم کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے اختتام تک کھلاڑیوں کو نجی دوروں کی اجازت نہیں ہے اور وہ صرف ٹیم کے ساتھ ہی کہیں جا سکتے ہیں۔کسی مہمان کے آنے کی صورت میں بھی کھلاڑی اس سے صرف ٹیم ہوٹل میں ہی ملاقات کر سکتے ہیں۔  دوسری جانب فرنچائز مالکان کو بھی کھلاڑیوں کے کمروں تک رسائی نہیں ہے، حتیٰ کہ انہیں کھلاڑیوں کے فلور پر کمرے دینے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ اینٹی کرپشن یونٹ کی ہدایات کے مطابق کرکٹرز کو ہوٹل سے باہر جانے کی صورت میں سیکیورٹی افسر کو مطلع کرنا ہوتا ہے جو ان کے ساتھ جاتا ہے۔ پی سی بی نے تمام کھلاڑیوں کو نئے سم کارڈز بھی دیئے ہیں جس کا تمام تر ڈیٹا ریکارڈ کیا جارہا ہے، جس کی بورڈ کا اینٹی کرپشن یونٹ مستقل نگرانی کر رہا ہے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.