لاہور (بی ایل ٰآئی )پاک سعودی جوائنٹ منسٹریل کمیشن کے 11 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان دورہ پر آئے ڈاکٹر القصابی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی جس میں سعودی وفد کی جانب سے پاکستانی افرادی قوت کی سعودی عرب برآمد کیلئے پاکستان میں خصوصی تربیتی ادارہ قائم کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور پاکستانیوں کیلئے ویزہ فیس میں نرمی کرنے کا بھی اعادہ کیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی عرب کے وزیر برائے کامرس اینڈ انویسٹمنٹ ڈاکٹر مجید عبداللہ القصابی کا دورہ پاکستان پر استقبال کیا ،ڈاکٹر مجید عبداللہ سعودی عرب کے 35 رکنی وفد کی قیادت کر رہے ہیں جوکہ سعودی پاک جوائنٹ منسٹریل کمیشن کے 11 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے ۔اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے ۔
پاکستانی افرادی قوت کے سعودی عرب برآمد کے حوالے سے سعودی عرب انسانیت ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پاکستان میں تربیتی ادارہ بنانے کیلئے تیار ہے ،اس ضمن میں آئندہ ہفتے وزارت اوورسیز پاکستانی اور ہیومن رویسورس ڈولپمنٹ کا وفد سعودی عرب کا دورہ کرے گا جبکہ NAVTTC کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو بھی دورہ سعودی عرب کی دعوت دی گئی ہے ۔سعودی عرب پاکستانیوں کیلئے ویزہ فیس میں نرمی کیلئے بھی رضام مند ہے ۔
سعودی وفد سے ملاقات کے دوران شاہد خاقان عباسی نے پاکستان اور سعود ی عرب کے درمیان تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستانی حکومت کیلئے اہمیت کے حامل ہیں بلکہ پاکستانی عوام بھی سعودی عرب اور خادم الحرمین شریفین سے خصوصی محبت رکھتے ہیں ۔اس موقع پر ڈاکٹر القصابی نے بھی سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان خصوصی تعلقات پر روشنی ڈالی ۔
شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے دوران پاک سعودی جوائنٹ منسٹریل کمیشن کے اجلاس کے دوران جو فیصلے کیے جائیں گے اس حوالے سے وزیراعظم کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا ۔ان میں پاکستان سے سعودی عرب ہلال گوشت کی برآمد کیلئے ورکنگ گروپ کی تشکیل شامل ہے ۔