جام شورو: سندھ کے صوبائی وزیر برائے اسپورٹس سردار محمد بخش خان مہر نے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور کھیلوں سمیت جامعہ کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کی۔ ملاقات کے دوران وائیس چانسلر نے صوبائی وزیر کو جامعہ سندھ کے طلباءو طالبات کی نصابی قابلیت اور کھیلوں کے حوالے سے ٹیلنٹ کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی۔
وائس چانسلر نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ جامعہ سندھ کے طلباءنہ صرف اپنی یونیورسٹی کے اندر کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں بھرپور طریقے سے حصہ لیتے ہیں، بلکہ ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں بھی حصہ لیکر کامیابی حاصل کرتے ہیں اور میڈل حاصل کرتے ہیں۔ اس حوالے سے جامعہ سندھ کی ٹیمون کو ملک بھر میں منفرد پہچان حاصل ہے۔ ڈاکٹر برفت نے کہا کہ جامعہ سندھ میں زیر تعلیم بچے باصلاحیت اور محنتی ہیں، انہیں صرف مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
صوبائی وزیر محمد بخش مہر نے وائس چانسلر ڈاکٹر برفت کی تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دینے والے جذبے کو سراہا اور اس سلسلے میں طلباءو طالبات کو اپنی یونیورسٹی سمیت ملک کی دیگر شہروں کے تعلیمی اداروں میں مقابلے میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرنے، ہمت افزائی کرنے والی کوشش کی تعریف کی اور جامعہ سندھ میں کھیلوں کو فروغ دلانے کے سلسلے میں اپنے محکمے کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے وائس چانسلر ڈاکٹر برفت کے ساتھ جامعہ کے پی سی بی گراﺅنڈ، گرلز جمنازیم، انٹرنیشنل جمناسٹک ہال کا بھی دورہ کیا اور کھیلوں کے حوالوں سے بہتر ماحول فراہم کرنے پر وائیس چانسلر کے اقدامات کو سراہا اور پی سی بی گراﺅنڈ کو مزید بہتر بنانے کے لیے فلڈ لائٹس لگانے سمیت دیگر ترقیاتی کاموں میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر موجود میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر برفت نے کہا کہ صوبائی وزیر محمد بخش خان مہر باصلاحیت نوجوان ہیں، جس میں کام کرنے کا جذبہ موجود ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ وہ کھیلوں کے حوالے سے بھرپور معلومات اور کھیلوں میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، اس لیے وہ اپنے محکمے میں بہترین انداز میں کام کر رہے ہیں اور ہم سب کو کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں ان سے بہت ساری امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ قومی کھیلوں کے ساتھ سندھ کے ثقافتی کھیلوں جس میں ملاکھڑا وغیرھ شامل ہیں، ان کی ترقی کے حوالے سے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ڈاکٹر برفت نے صوبائی وزیر کو جامعہ سندھ آنے پر خوش آمدید کہا اور کھیلوں کے فروغ کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر محمد بخش خان مہر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ قومی کھیلوں کے ساتھ مقامی و ثقافتی کھیلوں کو بھی فروغ دلایا جائے او ران سے وابستہ کھلاڑیوں کو بھی ہر حوالے سے بھرپور مدد اور حوصلہ افزائی کریں، تاکہ وہ اس سلسلے کو اسی جذبے کے ساتھ برقرار رکھ سکیں۔ اس موقع پر رجسٹرار جامعہ سندھ ساجد قیوم میمن، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر حیدرآباد ارشاد علی مخدوم، ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس، جامعہ سندھ (گرلز) مریم کیریو اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس اجوید احمد بھٹی بھی موجود تھے۔