پشاور:
امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ قوم کا پیسہ ذاتی تشہیر کے لئے استعمال کیا جارہا ہے جب کہ کرپشن پر قابو پانے سے روزانہ ایک یونیورسٹی قائم کی جا سکتی ہے۔
پشاور میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام ٹیلینٹ ہٹ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام ادارے قید اور سرمایہ دار جاگیردار قابض ہیں، نواز شریف کی نااہلی کے بعد سپریم کورٹ پانامہ کیس پر کیوں خاموش ہوگئی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں سیاسی بے یقینی کی فضا ہے حکومتی جماعت کا ایک ستون گرایا تو باقی بھی قائم نہیں رہ سکتے، قوم کا پیسہ ذاتی تشہیر کے لئے استعمال کیا جارہا ہے اس پر پابندی عائد کی جائے کیوں کہ کرپشن پر قابو پانے سے روزانہ ایک یونیورسٹی قائم کی جا سکتی ہے جب کہ جماعت اسلامی کے پاس انقلاب کے سوا کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں۔