کراچی:
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ میری ٹائم چیلنجز اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر بندرگاہوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے تاہم حکومت نے ملک میں جہاز سازی کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے گوادر میں شپ یارڈ بنانے کی منظوری دیدی ہے۔
گزشتہ روز پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج میں پاک بحریہ کے 2 روزہ تکنیکی اور صنعتی سیمینار کے اختتامی روز بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھاکہ عالمگیریت اور جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں مشترکہ تعاون اور باہمی اشتراک کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے تاہم عالمی اور علاقائی صورتحال خود انحصاری کے حصول کے لیے ٹھوس اور طویل المیعاد اقدامات کی متقاضی ہے جب کہ میری ٹائم چیلنجز اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر بندرگاہوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہاکہ ہماری میزائل ٹیکنالوجی دنیا کی بہترین ٹیکنالوجی ہے، پاک بحریہ بلیو اکانومی کی محافظ ہے اور میری ٹائم افیئرز کی اہمیت کے تناظر میں ملک میں بحری آگاہی کی اشد ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں سیمینار میں پاک بحریہ کے افسران، مقامی صنعت کاروں اور علمی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ گوادر شپ یارڈ کی تعمیر کا آغاز فوری اور منصوبے کی تکمیل 3 سے 5 سال میں ہوگی۔