نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے پاکستان کی کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار اور قابل اعتماد کم سے کم دفاعی صلاحیت کی پالیسی پر کاربند رہنے اور ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہ ہونے کے عزم کا اعادہ اور جوہری سلامتی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز اور سکیورٹی سے متعلق اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نیوکلیئر سپلائرز گروپ ٟاین ایس جیٞ سمیت عدم پھیلائو کے مختلف رجیمز کا حصہ بننے کیلئے ضروری اہلیت رکھتا ہے اور اس کیلئے پاکستان بلاامتیاز طریقہ کار کا حامی ہے ہے۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیر دفاع، وفاقی وزیر برائے داخلہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف نیول سٹاف، چیف آف ایئر سٹاف، ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویږن، ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس، سیکرٹری خارجہ امور اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی کو سٹرٹیجک انوائرمنٹ بارے جامع بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کے ہمسائے میں بعض عدم استحکام سے متعلق اقدامات کی وجہ سے جنوبی ایشیا میں تزویراتی استحکام کو برقرار رکھنے کا مقصد پورا نہیں ہوتا، ان میں بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کی دوڑ، بحرہند کے خطہ کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس کرنا اور بی ڈی ایم کی تیاری و تنصیب کے منصوبے شامل ہیں۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے پاکستان کی کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور قابل اعتماد کم سے کم دفاعی صلاحیت کی پالیسی پر کاربند رہنے اور ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہ ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے قومی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرنے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی اور بابر تھری ایس ایل سی ایم اور ابابیل میزائل سسٹم کے تجربات کے دوران سامنے آنے والی ٹیکنالوجیکل کی مہارت کو سراہا جس سے پاکستان کی تزویراتی صلاحیتوں کی تکنیکی مہارتوں کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ اجلاس میں ملک کے جوہری سلامتی کے نظام کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور اس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز اور سیکورٹی سے متعلق اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ملک کی حیثیت سے نیوکلیئر سکیورٹی اور جوہری عدم پھیلائو سے متعلق عالمی کوششوں میں بامقصد کردار جاری رکھے گا۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے سٹرٹیجک فورسز کی ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کیلئے اعلیٰ معیار کی تربیت اور آپریشنل تیاری کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطہ میں پرامن بقائے باہمی کا خواہاں ہے اور جنوبی ایشیائ میں تزویراتی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے برآمدی کنٹرول سے متعلق جامع قومی اقدامات کے نفاذ پر اطمینان کا اظہار کیا جو برآمدی کنٹرول کے بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان نیوکلیئر سپلائرز گروپ ٟاین ایس جیٞ سمیت عدم پھیلائو کے مختلف رجیمز کا حصہ بننے کیلئے ضروری اہلیت رکھتا ہے اس کیلئے پاکستان بلاامتیاز طریقہ کار کا حامی ہے۔ اجلاس کو نیشنل سپیس پروگرام 2047 اور بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے جیسے پرامن مقاصد کیلئے نیوکلیئر پاور پروگرام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے ان دونوں پروگراموں کی مکمل توثیق کی جو مستقبل میں قومی سماجی و اقتصادی ترقی و نمو کیلئے ضروری ہیں۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے تقریباً تمام موجودہ نئے ابھرتے ہوئے سویلین شعبوں میں سپیس پروگرام کی صلاحیت، وسائل کی پیداوار کو یقینی بنانے اور ان سے استفادہ کرنے پر خصوصی زور دیا۔ اس کے علاوہ صحت، زراعت، ادویات اور صنعت کے شعبوں میں جوہری توانائی کے کردار کو سراہا گیا۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے ان شعبوں میں بین الاقوامی تعاون کو وسعت دینے میں پاکستان کی دلچسپی اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کی جانب مثبت کردار کا اعادہ کیا۔
About BLI News
3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.