کراچی (بی ایل ٰآئی ) کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی میں بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیاگیا ، کانفرنس میں مختلف ماہرین نے اپنے اپنے ریسرچ پیپرز پیش کیے۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ این ای ڈی کے شعبہ کیمیکل، پولیمر اور مٹیریل انجینئرنگ کی جانب سے’’ ایڈوانس انجینئرنگ اینڈپروسیسنگ ‘‘ پردو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے پروفیسرز اورماہرین نے مختلف موضوعات پر اپنی اپنی تحقیقات پیش کیں۔اس موقع پرجا معہ این ای ڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کاتقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہناتھا کہ کانفرنس کا انعقاد پاکستانی طالب علموں سمیت اساتذہ کی گئی تحقیق کو مواقع فراہم کرتی ہے کہ وہ میدانِ عمل میں اپنے نت نئے تجربات پیش کریں۔ یہی نہیں مختلف شعبہ جات کے پروفیسرز ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی خدمات پیش کر ہیں جو ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں۔پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طفیل احمدجوکھیو کا کہنا تھا کہ یہ کانفرنس مختلف نجی انجینئرنگ انڈسٹریز اور تحقیق کرنے والوں کو پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے کہ وہ اپنی تحقیق کو عملی جامع پہناسکیں۔کانفرنس کی اہمیت پر زْور دیتے ہوئے مزید کہاکہ دنیا بھرمیں ہونے والی تحقیق طالب علموں تک اسی ذریعے سے پہنچتی ہے جس کے فوائد طالب علموں کی عملی زندگی میں کامیابی کی صورت میں نظر آتے ہیں۔
کانفر نس کے آخر میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سعود ہاشمی نے خطاب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کا مقصد نجی کمپنیز اور طالب علموں کے درمیان خلا پْر کرناہے تاکہ طالب علموں کی تحقیقی ماحول بھی میسر آسکے اور عملی زندگی میں اس سے فائدہ بھی اٹھایا جاسکے۔