اسلام آباد (بی ایل ٰآئی ) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے شاید زندگی میں پہلا سچ بولا ہے کہ ان کا سابق وزیر اعظم نواز شریف سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، نوازشریف قومی وقار، آئین کی سربلندی اور عوام کی حاکمیت کی علامت ہے جبکہ عمران صاحب غیر سنجیدہ، سیاسی تماشوں اور سڑکوں کے سرکسوں کے سوا کوئی ہنر نہیں رکھتے۔
وزارت اطلاعات سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے شاید زندگی میں پہلا سچ بولا ہے کہ ان کا سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے موازنہ نہیں کیاجا سکتا،عوامی رائے کے تازہ ترین جائزے نے بھی انہیں بتا دیا ہے کہ ہوا کا رخ کیا ہے،امپائروں کی انگلیوں پر سیاست کرنے والے کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہوائیں اپنا رخ خود بناتی ہیں،عمران صاحب آنکھیں اور کان کھولیں پاکستان کی عوام کیا کہہ رہی ہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے پاکستان کو گالی ، بدتمیزی ، بد تہذیبی ، دھرنے ، بے شرمی ، جھوٹ ، اور اداروں کی تضحیک کا تحفہ دیا ہے،پاکستان کی عوام اور آئندہ آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے پورے ملک کے احتساب کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے اور اپنے صوبے میں احتساب کمیشن کو تالا لگا رکھا ہے مگر شرم آپ کو نہیں آتی۔ انہوں نے عمران خان سے مخاطب ہوکر سوال کیا کہ آپ کرپشن ، اپنے اثاثوں ، انسداد دہشت گردی، غیر ملکی فنڈنگ اور زکوٰة کے پیسے پہ جوا کھیلنے کے کیسوں میں ملزم ہیں آپ استعفی کب دیں گے؟