” اب ہم پاکستان نہیں آ رہے “ بگڑتے حالات میں گاڑیاں بنانے والی معروف بین الاقومی کمپنی نے واضح اعلان کردیا

کراچی (بی ایل ٰآئی) گاڑیاں بنانے والی فرانسیسی کمپنی رینالٹ جو پاکستان میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی تھی نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ رینالٹ نے گندھارا نسان لمیٹڈ کے ساتھ پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کرنا تھی۔
بی ایل ٰآئی گلوبل کے مطابق رینالٹ کمپنی نے بگڑتے ہوئے کاروباری حالات کے باعث پاکستان میں سرمایہ کاری کا فیصلہ واپس لیا ہے۔ رینالٹ کمپنی کراچی میں ایک پلانٹ لگا کر گاڑیاں تیار کرنے کا ارادہ رکھتی تھی، اس پراجیکٹ کے ذریعے امید کی جا رہی تھی کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا اور پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہوگی جس سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔
گندھارا نسان لمیٹڈ نے باضابطہ طور پر اعلان بھی کردیا ہے کہ اس کی رینالٹ کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری کا منصوبہ بند ہوگیا ہے۔ کمپنی کچھ عرصہ سے رینالٹ کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مذاکرات کر رہی تھی تاہم غیر یقینی کاروباری حالات کے باعث یہ منصوبہ شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہوگیا۔گندھارا نسان لمیٹڈ کے سیکرٹری شہریار اسلم کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی کا پورٹ قاسم پر پلانٹ پہلے سے کام کر رہا ہے، اسی میں رینالٹ نے مزید سرمایہ کاری کرنی تھی جس کے بعد رینالٹ کی گاڑیاں پاکستان میں ہی اسیمبل کی جانی تھیں۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.