سکھر: جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو چیئر مین نیب تعینات کر دیا گیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وزارت قانون کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو چیرمین نیب تعینات کر دیا گیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
قبل ازیں سکھر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے لیے تمام جماعتوں سے مشاورت کی، ایم کیوایم اور جماعت اسلامی سمیت تمام جماعتوں سے رابطہ رہا جس کے بعد نیب کے چیئرمین کے لیے جسٹس (ر) جاوید اقبال کا نام فائنل کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جسٹس جاوید اقبال کا ماضی شاندار ہے، وہ سپریم کورٹ کے جج رہے ہیں اور امید ہے کہ وہ ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ جسٹس(ر) جاویداقبال نے 28 اپریل 2000 کو سپریم کورٹ کے جج کا حلف اٹھایا، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد بطور چیف جسٹس بھی فرائض سرانجام دیے جب کہ اس کے علاوہ انہوں نے ایبٹ آباد کمیشن اور لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی بھی کی۔