ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق گوگل کا ’پکسل ٹو‘ اور ’پکسل ٹو ایکس ایل‘ جلد ہی امریکہ میں متعارف کروایا جانے والا ہے اور صارفین یہ دونوں فون سم کارڈ کے بغیر استعمال کرسکیں گے۔ یہ دونوں فون گوگل کے Project Fi کے ساتھ مطابقت رکھتے ہیں، جو کہ گوگل کی e-SIMٹیکنالوجی ہے۔ پراجیکٹ فائی گوگل کا اپنا سیلولر کیریئر ہے جو موبائل فون صارفین کو دیگر کمپنیوں کا نیٹ ورک استعمال کرتے ہوئے ’پے پر جی بی‘ موبائل انٹرنیٹ سروس فراہم کرتا ہے اور اس سروس کے ذریعے ٹیکسٹ میسج اور فون کالز بھی ڈیٹا سروس کے ذریعے ہوں گی۔
یہ سروس امریکا میں 20 ڈالر (تقریباً دو ہزار پاکستانی روپے) ماہانہ میں لامتحدود کالز، ٹیکسٹ کی سہولت فراہم کرے گی جبکہ ایک جی بی ڈیٹا 10 ڈالر (تقریباً 1000 پاکستانی روپے) میں دستیاب ہوگا۔ یہ رقم ایڈوانس ادا کی جائے گی جبکہ مہینے کے اختتام پر کمی بیشی کو ایڈجسٹ کرلیا جائے گا۔
گوگل فائی سروس مختلف نیٹ ورکس کو استعمال کرے گی لہٰذا ایک نیٹ ورک کے سگنل کمزور ہونے کی صورت میں یہ خود کار طریقے سے دوسرے پر منتقل ہوجائے گی تاکہ صارف کو بہترین سروس مہیا ہوسکے۔ یہی وجہ ہے کہ جہاں بھی گوگل فائی کی سروس دستیاب ہوگی وہاں موبائل فون صارفین کو سم کارڈ استعمال کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے گی۔ جو بھی صارفین گوگل فائی کی سبسکرپشن رکھتے ہوں گے وہ سم کارڈ کے بغیر اس سروس کو استعمال کرسکیں گے۔