برمنگھم (نیوز ڈیسک)آج کل لوگ خوب اچھی طرح ڈھونڈ کر بہترین کیمرے ، زیادہ میموری اور تیز ترین پروسیسر سپیڈ والے موبائل فون مہنگے داموں خریدتے ہیں لیکن جب پتہ چلتا ہے کہ بیٹری ساتھ نہیں دے رہی تو ساری اُمیدوں پر پانی پھر جاتا ہے۔ باقی سب خوبیاں اپنی جگہ لیکن اگر بیٹری جلد ختم ہو جاتی ہے تو پھر موبائل فون کس کام کا، بلکہ یہ الٹا سر درد بن جاتا ہے۔ اگر آپ بھی اپنے موبائل فون کی بیٹری کی مایوس کن کارکردگی کا معمہ حل نہیں کر پا رہے تو ہم آپ کو ایک ایسی ایپ کے بارے بتائے دیتے ہیں جو دیکھتے ہی دیکھتے بیٹری کی ساری چارجنگ ہضم کر جاتی ہے۔
خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ میں Inc کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ موبائل فون کی بیٹری جلد ختم ہونے کی ایک اہم ترین وجہ فیس بک ایپ ہے۔ اس ایپ کو آپ ہمہ وقت چیک ان کرنے اور فرینڈز کو لائک اور فالو کرنے کیلئے استعمال کر رہے ہوتے ہیں اور یہی وہ ایپ ہے جو آپ کے فون کی سو فیصد بیٹری کو دیکھتے ہی دیکھتے 20 فیصد تک لے آتی ہے۔ دراصل اس کی وجہ یہ ہے کہ فیس بک ایپ ڈھیروں فیچر استعمال کرتی ہے جو اسے آن کرتے ہی اپنا کام شروع کر دیتے ہیں۔ ان میں ڈیوائس لوکیشن، نوٹیفکیشن ، کوالٹی و سائز آف کانٹینٹ ، لائیوویڈیوز، کانٹیکٹس، پلیسز ، گروپس اور کسٹم کیمرہ وغیرہ شامل ہیں۔
اگر آپ اس ایپ سے نجات حاصل کر لیں تو آپ کے فون کی بیٹری کی کارکردگی میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے، لیکن یہ ہے بڑا مشکل کام کیونکہ آج کل لوگ نشے کی طرح فیس بک کے عادی ہو چکے ہیں۔ تو اگر آپ اسے ڈیلیٹ نہیں کرنا چاہتے ہیں تو کم از کم یہ چند کام ضرور کریں:
ویڈیو آٹو پلے کو آف کر دیجئے۔
فیس بک کیلئے لوکیشن سیٹنگز کو بھی آف کر دیجئے۔
بیک گراﺅنڈ ایپ ریفریش اور نوٹیفکیشن فار فیس بک کو بھی آف کر دیں۔
فیس بک پر طویل براﺅزنگ سے پرہیز کریں۔
جب آپ فیس بک استعمال کر چکے ہوں تو اس ایپ کو بند کر دیجئے اور سکرین کی چمک کو بھی کم کر دیجئے۔
ان اقدامات کے ذریعے آپ فیس بک ایپ ڈیلیٹ کئے بغیر بھی بیٹری کا ٹائم کافی حد تک بڑھا سکتے ہیں۔