اسٹاک ہوم: سوئیڈن کی کمپنی نے اپنے درجنوں ملازمین کے ہاتھوں میں بہت چھوٹی برقی چِپ نصب کردی ہے جس سے وہ آفس کے دروازے ازخود کھول سکتے ہیں اور آفس کے تمام آلات استعمال کرسکتے ہیں۔
ایپی سینٹر نامی کمپنی اسٹاک ہوم میں واقع ہے اور وہاں 2000 سےزائد ملازمین کام کرتے ہیں جب کہ اب تک 150 افرد کےہاتھوں میں مائیکروچپ لگائی جاچکی ہے۔ چاول کے دانے کے برابر اس چپ کے ذریعے وہ آفس کے دروازے کھول سکتے ہیں، حاضری لگاسکتےہیں اور حساس برقی آلات کو آن کرسکتےہیں۔ اس کے لیے صرف انہیں دروازوں کے سامنے ہاتھ ہلانا ہوتا ہے اور چپ اپنا جادو دکھاتی ہے۔ ملازمین کا خیال ہے کہ اس طرح ان کی زندگی بہت آسان ہوگئی ہے، ملازمین چپ کے ذریعے ادارے کے ریسٹورینٹ میں کھانا بھی آرڈر کرسکتے ہیں۔
ایپی سینٹر کے سی ای او پیٹرک ماسٹرٹن کہتے ہیں کہ اس کا مقصد کئی اہم چیزوں کو ترک کرنا ہے۔ اب چپ کو رابطے کے لئے، چابیوں کی جگہ اور کریڈٹ کارڈز کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
کسی بھی شخص کو سائبورگ ملازم بنانے کا عمل بہت آسان ہے۔ کمپنی نے ایک بایو ہیکر، ہووان اوسٹرلینڈ کی سہولیات حاصل کی ہیں جو انگوٹھے کے برابر میں مائیکروچپ داخل کردیتا ہے اور اس عمل میں خون بھی نہیں بہتا۔
ایپی سینٹر نےاپنےملازمین میں جو چپ لگائی ہے وہ نیئر فیلڈ کمیونی کیشن کےتحت کام کرتی ہے جیسے کانٹیکٹ لیس کارڈ ہوتے ہیں، اس طرح سے یہ چپ بہت سارے کام کرسکتی ہے۔