ایم کیو ایم اور مشرف نے کے الیکٹرک کو فروخت کرکے کراچی کو اندھیروں میں دھکیل دیا:حافظ نعیم الرحمان

کراچی

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور جنرل پرویز مشرف نے مل کر کے الیکٹرک کو فروخت کرکے شہر قائد کو کو اندھیروں میں دھکیل دیا۔۔ آج گورنر صاحب کے الیکٹرک کی حمایت کر کے کراچی کے ڈھائی کروڑ عوام پر تہمت لگارہے ہیں، جس جس علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے وہ کراچی الیکٹرک کے خلاف درخواست دیں ، ہم کراچی کے عوام کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے.
جماعت اسلامی کراچی کے تحت کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے شہریوں سے 200ارب روپے سے زائد غیر قانونی طور پر وصول کر نے ،اووربلنگ ،پیداواری صلاحیت ہونے کے باوجود مطلوبہ بجلی پیدا نہ کرنے اورعوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کرنے ،چھوٹے صارفین کے لیے نرخوں میں اضافے اور کے الیکٹرک ،نیپرا اور حکومتی گٹھ جوڑ کے خلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں شاہراہ فیصل نرسری پر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔احتجاجی دھرنے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کے الیکٹرک کے مظالم کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ اس موقع شہرقائد کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے افراد نے بڑی تعداد میں اپنی شکایات بھی بیان کیں۔ احتجاجی دھرنے کے شرکائنے بڑے بڑے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔جن پر کے الیکٹرک ، نیپرا اور وفاقی و صوبائی حکومت کے خلاف مختلف نعرے درج تھے۔
شاہراہ فیصل نرسری پر  خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 31مارچ کواسی شاہراہ فیصل پر کے الیکٹرک کو بچانے کے لئے حکومت اور انتظامیہ نے پر امن کارکنوں اور مظاہرین پر تشدد کیا ، گولیاں چلائیں ، لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ کی۔ کئی کارکنان زخمی ہوئے۔ پوری قیادت کو گرفتار کر لیاگیا۔ لیکن کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی تحریک رکنے اور ختم ہونے کے بجائے اور تیز ہوگئی اور آگے بڑھتی چلی گئی۔ آج کے الیکٹرک کی لوٹ مار مکمل طور پر بے نقاب ہوچکی ہے۔ اس کی نااہلی ، ناقص کارکردگی اور عوام پر ظلم کھل کر سامنے آگیا ہے۔ لیکن کے الیکٹرک کا آج بھی تحفظ کیا جارہا ہے جبکہ ماضی میں تو کوئی اس کے خلاف بولنے کو بھی تیار نہیں تھا۔جبکہ جماعت اسلامی نے 4دن تک دھرنے کے بعد گورنر نے رابطہ کیا اور وعدہ کیا کہ 15دن میں مسئلہ حل کرایا جائے گا لیکن افسوس کہ انہوں نے کوئی کردار ادا نہیں کیا اور ثابت کیا کہ یا تو وہ کے الیکٹرک کے ساتھ ملے ہوئے ہیں یا بے بس ہیں.
حافظ نعیم الرحمان نے گورنر سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر صاحب خواہ کوئی بھی رویہ طرز عمل رکھیں جماعت اسلامی عوام کے حق سے دستبردار نہیں ہوگی کے الیکٹرک کے خلاف تحریک کامیابی تک جاری رہے گی۔ کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوں سے ناجائز طور پر 200ارب روپے وصول کیے ، اوور بلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے دہرے عذاب میں مبتلا کیا۔ ہم گورنر صاحب سے کہتے ہیں کہ وہ کے الیکٹرک کے حوالے سے عوام کا مسئلہ حل کرائیں اور اگر وہ یہ مسئلہ حل نہیں کراسکتے اور بے بس ہیں تو وہ بھی ہمارے ساتھ آئیں اور یہاں آکر دھرنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر صاحب کا یہ کہنا غلط ہے کہ ہم ملاقات یا مذاکرات کرنے پر تیار نہیں ہیں۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.