ڈوڈوما:
تنزانیہ میں پرائمری اسکول طلبا کی بس دریا میں گرنے سے 2 اساتذہ، ایک ڈرائیور اور 29 طالبعلم ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تنزانیہ کے شمالی شہر اروشہ کے ضلع کراٹو میں لکی ونسیٹ پرائمری اسکول کے طلبا و طالبات کی بس دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں 29 اسٹوڈنٹس، 2 ٹیچر اور ڈرائیور ہلاک ہوگیا جب کہ وہاں موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت 4 طلبا کی جان بچالی جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مرنے والوں میں 12 طلبا اور 17 طالبات شامل ہیں جن کی عمریں 12 سے 14 سال کے درمیان تھیں۔
اسکول کے ڈائریکٹر انوسینٹ مشی کا نے بس حادثے پر گہرے دکھ کر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکول طلبا کی بس کو حادثہ بڑا نقصان ہے جب کہ حادثے میں بچنے والے 4 طلبا کی حالت خطرے سے باہر ہے جنہیں مقامی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
دوسری جانب صدر جان مگوفولی نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ کمسن بچوں کی موت صرف والدین کے لئے ہی تکلیف دہ نہیں بلکہ اس پر پوری قوم افسردہ ہے۔