فرانس میں 60 دن تک بسترپرآرام کریں اور17 لاکھ روپے کمائیں

پیرس
فرانس کے ایک ادارے نے اپنی نوعیت کی انوکھی پیشکش کی ہے جس میں آپ اگر مسلسل 60 دن تک بستر پر پڑے پڑے آرام کرسکتے ہیں تو ادارہ آپ کو 16 ہزار یورو یعنی 17 لاکھ پاکستانی روپے دے گا اور اس عرصے میں آپ کے سارے اخراجات بھی اسی ادارے کے ذمے ہوں گے۔اس کے لیے شرط یہ ہوگی کہ 60 دن تک آپ کو مسلسل بستر ہی پر پڑے رہنا ہوگا اور کھانے پینے سے لے کر رفع حاجت تک، سب کچھ بستر ہی پر کرنا ہوگا جب کہ یہ انتظام بھی اسی ادارے کی جانب سے کیا جائے گا۔دراصل فرانسیسی خلائی تحقیقی ادارہ یہ جاننا چاہتا ہے کہ مستقبل کے کسی طویل خلائی سفر میں جب انسان کو مہینوں تک بے وزنی (مائیکرو گریویٹی) کی حالت میں بستر یا اس جیسی کسی جگہ پر پڑا رہنا پڑے گا تو جسم پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ اس قسم کا ایک تجربہ امریکی خلائی ادارے ’’ناسا‘‘ کے تحت 2014 میں کیا جاچکا ہے لیکن اس میں صرف ایک فرد شریک تھا۔فرانس کا مطالعہ اس لحاظ سے بہتر ہے کیونکہ اس میں 24 افراد کو شریک کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جنہیں پہلے 60 دنوں تک مسلسل بستر پر پڑے پڑے آرام کرنا ہوگا جب کہ بستر چھوڑنے کے مزید ایک ہفتے بعد تک انہیں خصوصی مشاہدے میں رکھا جائے گا۔ اس مطالعے میں شرکت کے خواہش مند افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ صحت مند ہوں، تمباکو نوشی نہ کرتے ہوں اور ان کی عمریں 20 سے 45 سال کے درمیان ہوں۔اگرچہ انسانوں پر اس طرح کے تجربات بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں بھی کیے جاسکتے ہیں جو زمین کے گرد مدار میں گردش کررہا ہے لیکن صرف چند رضاکاروں کو وہاں پہنچانے سے لے کر طویل عرصے تک ان کی دیکھ بھال اور نگرانی وغیرہ کے اخراجات اتنے زیادہ ہوں گے کہ انہیں کئی ممالک بھی آپس میں مل کر مشکل ہی برداشت کرپائیں گے۔اخراجات کم سے کم رکھتے ہوئے اور بے وزنی سے ملتے جلتے ماحول میں ساکن انسانوں کا مطالعہ کرنے کے لیے یہی طریقہ سامنے آیا کہ زمین پر رہتے ہوئے چند منتخب لوگوں کو چند مہینوں کےلیے بستر پر لٹادیا جائے اور یہ دیکھا جائے کہ حرکت نہ کرنے کے طویل مدتی اثرات ان پر کیسے ظاہر ہوتے ہیں۔
About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.