اسلام آباد:
وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ گھٹیا الفاظ کا استعمال عمران خان کی سوچ کا عکاس ہے اوراگر پی ایس ایل کا فائنل پاگل پن تھا توقوم دہشتگردی کے خلاف ایسا کرتی رہے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان جب بھی بات کرتے ہیں پاکستان کے خلاف ہوتی ہے، آزادی اظہار رائے ہر انسان کا بنیادی حق ہے لیکن دوسروں کی دل آزاری کرنے والے بیانات سے گریزکرنا چاہیئے۔ عمران خان کے بیان کی وجہ سےعالمی کھلاڑیوں کو خوف لاحق ہوا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ لاہورمیں پی ایس ایل فائنل کےانعقاد پرقوم مبارکباد کی مستحق ہے، پی ایس ایل فائنل دہشت گردوں کوبے خوف پاکستان کا جواب تھا، اگرپی ایس ایل کا فائنل پاگل پن تھا تو قوم دہشت گردی کے خلاف ایسا کرتی رہے گی، بین الاقوامی کھلاڑیوں کے لیے گھٹیا الفاظ کا استعمال عمران خان کی سوچ کا عکاس ہے، عمران خان سے خیر کی توقع نہیں ہے ، وہ خود بھارت جا کرمیچز پر کمنٹری کرتے ہیں لیکن پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے نہیں آتے.