سیاسی و عسکری قیادت پر عزم ، اہداف کے حصول تک آپریشن رد الفساد جاری رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد(بی ایل آ ئی) وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس ہوا جس میں آپریشن رد الفسادمیں اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اہداف کے حصول تک آپریشن رد الفساد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

تفصیلات کے مطابقوزیر اعظم ہاؤس میں سیکیورٹی صورتحال پر وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں آرمی چیف  جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹننٹ جنرل نوید مختار، مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، وزیر داخلہ چوہدری نثار، مشیر خارجہ برائے وزیر اعظم سینیٹر سرتاج عزیز اور وزیر خزانہ سینیٹر  اسحاق ڈار نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاءنے انتہاپسندی اور دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتفاق رائے سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے ، دہشت گردی اور انتہاپسندی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے عوام اور سٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق رائے اس جنگ میں ہماری جامع جیت کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفساد دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے متفقہ قومی عزم کا عکاس ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ میں بے انتہا قربانیاں دی ہیں، اور ہم دہشت گردوں کے خلاف کسی بھی علاقائی، نسلی اور قومیت کی تفریق کے بغیر کارروائی کرنے کے لیے ثابت قدم ہیں۔اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کی تمام صورتوں کے خلاف ریاست مکمل طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اجتماعی تحفظ کو یقینی بنائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ  ماہ  ملک میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے بعد  پاک فوج نے 22 فروری کو آپریشن ’ردالفساد‘ کا آغاز کیا تھا جس میں اب تک فوج اور سیکیورٹی اداروں نے سینکڑوں مشترکہ آپریشن کر کے کئی بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ دہشت گردوں کے کئی اہم کمانڈر ہلاک یا گرفتار بھی کئے گئے ہیں ۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.