اسلام آباد(بی ایل آ ئی)پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقاء اور حکومتی رٹ کو بحال کرنے کے لیے آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا جس کا مقصد دہشت گردوں کا صفایا تھا تاہم آپریشن ردالفساد کا مقصد ملک سے غیر قانونی اسلحے کا خاتمہ ہے۔ پی ایس ایل کا فائنل ہو یا پھر کوئی اور ایونٹ سیکیورٹی کی ذمہ داری پاک فوج کی ہے۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کا ایک ہی مقصد فساد کو رد کرنا ہے۔ نئے آپریشن کا مقصد پاکستان کے استحکام کو مزید مضبوط کرنا ہے اور اس کے لیے تمام اداروں کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کا کوئی ٹائم فریم نہیں تاہم اس کا مقصد ملک سے غیر قانونی اسلحے کا خاتمہ ہے جبکہ آپریشن ضرب عضب کا مقصد شمالی وزیرستان سمیت ملک بھر سے دہشت گردوں کا خاتمہ تھا۔ آپریشن ردالفساد فوج، رینجرز یا پولیس کا نہیں بلکہ پاکستان کا ہے اور اس میں تمام اداروں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ فوج نے نہیں بلکہ پاکستانی عوام نے جیتی۔ پاک فوج نے صرف کلیئرنس کا کام کیا جس کے بعد اب تمام ادارے وزیرستان میں اپنا کام بخوبی ادا کررہے ہیں۔ آصف غفور نے کہا کہ پاکستان میں استحکام کی خاطر تمام اداروں کو ایک دوسرے کی مدد کرنا چاہیے کیونکہ ہم سب کو مل کر ملک کے کونے کونے میں ریاست کی رٹ کو بحال رکھنا ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کی ذمہ داری افغانستان سے قبول کی گئی۔ پاک افغان تعلقات میں کشیدگی کا فائدہ دشمن اٹھاتے ہیں کیونکہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں کو بھارتی خفیہ ایجنسی را سمیت دیگر اداروں کی حمایت حاصل ہے۔میجر جنرل نے کہا کہ پاک افغان سرحد کا فیصلہ انتہائی اقدام ہے کیونکہ دہشت گردوں نے افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں۔ افغان حکومت اگر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر نہیں بنائے گی تو اس کا فائدہ دشمن کو اور نقصان دونوں ممالک کو ہوگا کیونکہ سرحد پر ابھی تک مضبوط میکنزم تیار نہیں ہوسکا۔
About BLI News
3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.