براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 1 ارب 16 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی

کراچی: 

پاکستان میں رواں مالی سال کے ابتدائی 7ماہ کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی)1ارب 16کروڑ 15لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کی جانے والی 1ارب 5کروڑ 66 لاکھ ڈالر کی ایف ڈی آئی سے 10فیصد یا10 کروڑ 49 لاکھ ڈالر زیادہ ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی2016سے جنوری 2017 تک مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 63 کروڑ 20 لاکھ ڈالر (52.7 فیصد) کے اضافے سے 1ارب 83کروڑ 7 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ مالی سال 1ارب 19کروڑ 86 لاکھ ڈالر تک محدود تھی تاہم ان 7ماہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 1 ارب 5کروڑ 66لاکھ ڈالر کے مقابل 1 ارب 16کروڑ 15لاکھ ڈالر رہی۔ اس دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی آمد (انفلوز) کے ساتھ انخلا (آؤٹ فلوز) میں بھی کمی کا رجحان رہا۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے 7ماہ میں ایف ڈی آئی کے انفلوز کی مالیت 1 ارب 61 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جبکہ آؤٹ فلوز کی مالیت 55کروڑ 54 لاکھ ڈالر رہی تھی تاہم رواں مالی سال کے دوران انفلوز کی مالیت 1 ارب 45 کروڑ 85لاکھ ڈالر جبکہ آؤٹ فلوز کی مالیت 29 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی،گزشتہ 7ماہ میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے 35کروڑ 47لاکھ ڈالر کا سرمایہ نکالا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں 31 کروڑ 37 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی تھی، اس لحاظ سے رواں مالی سال کے دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے انخلا 4کروڑ 10لاکھ ڈالر (13.1فیصد) زائد رہا۔

دوسری جانب اعداد شمار کے مطابق جولائی تا جنوری 2017 کے دوران فوڈ سیکٹر اور الیکٹرونکس سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ایکوزیشن کے سبب فارن پبلک انویسٹمنٹ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم 7ماہ میں فارن پبلک انویسٹمنٹ 56کروڑ 82 لاکھ ڈالر اضافے سے 1 ارب 2کروڑ 39لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کی جانے والی 45 کروڑ 57لاکھ ڈالر کی فارن پبلک انویسٹمنٹ سے 124.7 فیصد زائد ہے۔

علاوہ ازیں اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2017 میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 8کروڑ 8لاکھ ڈالر رہی جبکہ جنوری 2016میں 7 کروڑ 81 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی تاہم گزشتہ ماہ پورٹ فولیوسرمایہ کاری سے 10 کروڑ ڈالر کا انخلا ریکارڈ کیا گیا جبکہ فارن پبلک انویسٹمنٹ 2کروڑ 58لاکھ ڈالر رہی، اس طرح اس سال جنوری میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 63لاکھ ڈالر تک محدود رہی جبکہ گزشتہ سال جنوری میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 24 لاکھ ڈالر رہی تھی۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.