درگاہ لعل شہباز قلندر میں خودکش حملہ، 50 افراد شہید، 100 سے زائد زخمی

سیہون شریف: درگاہ لعل شہباز قلندر میں خودکش حملے کے نتیجے میں اب تک 50 افراد شہید جب کہ 100 سے زائد زخمی ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔

دھماکا شام 7 بجے اس وقت ہوا جب مزار میں دھمال جاری تھا اور اس کے احاطے میں سیکڑوں لوگ موجود تھے، دھماکا انتہائی زور دار تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اس کے فوری بعد درگاہ میں مکمل طور پر دھواں پھیل گیا، دھماکے کے بعد مزار میں افراتفری مچ گئی جس سے متعدد افراد پیروں تلے بھی دب گئے جب کہ مزار کے بعض حصوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دھماکے کے بعد لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا۔ درگاہ لعل شہباز میں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سول اسپتال سیہون، جامشورو اور حیدرآباد سمیت دیگر قریبی شہروں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں ڈیوٹی پر طلب کرلیا گیا ہے۔

ایدھی ذرائع کے مطابق دھماکے کے زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ اس میں اب تک 50 افراد شہید ہوچکے ہیں اور 100 سے زائد زخمی ہیں جس میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے جب کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب سندھ پولیس کے ترجمان نے دھماکے کو خودکش حملہ قرار دے دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ حملہ آور گولڈن گیٹ سے درگاہ میں داخل ہوا اور مزار میں دھمال کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ جمعرات کا روز ہونے کی وجہ سے مزار میں زائرین کا رش تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے درگاہ لعل شہباز قلندر میں خودکش دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو ٹیموں کو فوری جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے جب کہ وزیراعلیٰ نے کمشنر حیدرآباد اور آئی جی سندھ کو بھی ٹیلی فون کرکے دھماکے کی تفصیلات معلوم کیں، وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ سے دھماکے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

ادھر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں کے لیے فوج اور رینجرز کے دستے پہنچ گئے ہیں جو امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جب کہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایمبولینس بھی جائے وقوعہ پر بھیج دیئے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق سی ایم ایچ حیدرآباد میں بھی زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.