کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلی سندھ مرا د علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے موجودہ حالات کو دیکھ کر فخر نہیں ہوتا ،ہم لوگوں کی خدمت کرکے حالات میں مزید بہتری لائینگے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آج کامران خان کیساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگوں کی تمام امیدیں پیپلزپارٹی سے وابستہ ہیں،ہماری کارکردگی کا فیصلہ عوام کرتے ہیں اور اسی کی بناءپر ہمیں ووٹ دیتے ہیں۔میرا کام عوام کی خدمت کرنا ہے ،میری ہرممکن کوشش ہوتی ہے کہ میں لوگوں کے دکھ در د میں شریک رہوں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی کو کام کرنے سے نہیں روکا ہے اور میئرکراچی کو بھی کہہ دیاگیا ہے کہ آپ اختیارات کی فکر مت کریں بے فکر ہو کر کام کریں آپ کو کوئی بھی نہیں روکے گاکیونکہ میں کراچی کے حالات میں ہر قیمت پر تبدیلی دیکھنا چاہتا ہوں ،شہر کے حالات وہ نہیں ہیں جو ہونے چاہئیں۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے موقف اختیار کیا کہ سندھ میں اللہ کا شکر ہے 80 فیصد لو گ پیپلزپارٹی کے ووٹرز ہیںاور آج تک کسی کو سفارش کی بنیاد پر نوکری نہیں دی گئی ،بھرتیاں میرٹ پر کی جاتی ہیںجبکہ میں 9سال ایم پی اے رہا ہوں اورحلفاََ کہہ سکتا ہوں اپنے علاقے کے کسی ٹیچر کو سفارش کرکے بھرتی نہیں کروایا ۔