اسلام آباد (ویب ڈیسک)سات مسلمان ملکوں کے شہریوں پر امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد پاکستان پر پابندی کے حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے واضح طور پر نفی کی گئی لیکن اب اس انکار کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ۔ امریکہ نے سفارتی آداب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کردیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں پاکستانی سینیٹرز کے وفد نے امریکہ کا سرکاری دورہ کرنا تھا اور وہاں 13 اور 14 فروری کو مباحثے میں شرکت کرنا تھی۔ امریکہ جانے کیلئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی جانب سے ایک ہفتہ پہلے امریکی سفارتخانے کو درخواست جمع کرائی گی لیکن آج انہیںویزہ جاری کرنے سے انکار کردیا گیا۔
امریکہ کی جانب سے ویزہ جاری کرنے سے انکار پر چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی شدید غصے میں آگئے اور انہوں نے سینیٹرز کے وفد کو امریکہ جانے سے روک دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے ویزہ جاری نہ کرنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کو خط بھی لکھ دیا جبکہ کسی بھی امریکی وفد کے سینیٹ کی جانب سے استقبال پر پابندی بھی عائد کردی۔ یہ پابندی امریکہ کی جانب سے ویزہ جاری نہ کرنے کی وضاحت آنے تک عائد رہے گی۔