ہم لوگوں تک رسائی ممکن بنا کر تخلیقی توانائیوں کوبروئے کار لانے کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرناچاہتے ہیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) آکسفرڈ یونیورسٹی پریس کی مینجمنگ ڈائریکٹر اور کراچی واسلام آباد لٹریچر فیسٹیولز کی بانی امینہ سید نے کہا ہے کہ کراچی لٹریچر فیسٹیول کا مقصد پاکستان کی زر خیز ،قدیم اور متنوع ثقافتوں اور ادب کو اجاگر کرنا ہے تاکہ زیادہ لوگوں تک پہنچ کر اثرات مرتب کریں ۔بیچ لگژری ہوٹل میں 8ویں کراچی لٹریچر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم لاکھوں لوگوں تک رسائی کو ممکن بناکر ادبی اور ثقافتی اظہار اور تخلیقی توانائیوں کو بروئے کار لانے کیلئے موقع اور پلیٹ فارم فراہم کرنا چاہتے ہیں ۔کراچی لٹر یچر فیسٹیول ایک ایسی گنجائش پیداکرتا ہے جہاں ثقافت اور فکری توانائیوں کو مہمیز ملتی ہے اور فہم وشعور کو فروغ حاصل ہوتا ہے ۔ انہون نے کہاکہ کے ایل ایف پاکستان کے گوشے گوشے میں ادب سے محبت کے فروغ اور ثقافتی اظہارکے لیے ایک ہمہ گیر سفر اور تحریر بن چکا ہے۔ اس نے چلڈرن لٹریچر فیسٹیول سمیت متعدد لٹریچر فیسٹیولز کو جنم دیا ۔ اس سال فیسٹیول میں 136پاکستانی اور10مختلف ملکوں سے 40بین الاقوامی مصنفین اور مقررین شرکت کررہے ہیں ۔ افتتاحی تقریب سے مستنصر حسین تارڑ اور عائشہ جلال نے بھی خطاب کیا۔ فیسٹیول میں 18کتابوں کا اجراء ہوگا اور70سے زیادہ سیشنز ہوں گے۔