انڈر ٹیکر کا کیرئیر رائل رمبل کے بعد ختم؟

ہوسکتا ہے آپ انڈر ٹیکر کو رائل رمبل میں دیکھ کر خوش ہوئے ہو اور خیال آیا ہو کہ اب ریسل مینیا میں یہ لیجنڈ ریسلر رومن رینز کے مدمقابل آئے گا۔

تاہم ایسا لگتا ہے کہ انڈر ٹیکر کا کیرئیر رائل رمبل کے ساتھ ہی ختم ہوگیا ہے۔

ویسے تو انڈر ٹیکر کو رائل رمبل میں کامیابی کے لیے فیورٹ سمجھا جارہا تھا اور پھر وہ ریسل مینیا میں جان سینا سے اپنے ممکنہ آخری میچ کا حصہ بنتے مگر اس ایونٹ نے انہیں انجری کا شکار بنا دیا ہے۔

انڈر ٹیکر کی ریسل مینیا 32 کے بعد پہلی بار رنگ میں واپسی چند منٹوں کی ثابت ہوئی جس کے دوران انہوں نے گولڈ برگ سمیت چار ریسلر کو رائل رمبل مقابلے سے باہر کیا۔

تاہم رومن رینز نے جب انڈر ٹیکر کو باہر پھینکا اور پھر دونوں نے ایک دوسرے کو گھورا تو سوچا جارہا تھا کہ یہ دونوں ریسل مینیا 33 میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے مگر لگتا ہے کہ رومن رینز نے انڈر ٹیکر کو ہمیشہ کے لیے ریسلنگ رنگ سے باہر پھینک دیا ہے۔

ایسی اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ 52 سالہ انڈر ٹیکر کو کولہوں کی سرجری کا سامنا ہے جو اس سے قبل وہ 2016 میں بھی کروا چکے تھے جس کے بعد وہ بیساکھیوں کا استعمال بھی کرتے رہے تھے۔

رائل رمبل میں انڈر ٹیکر کو اسی جگہ انجری کا سامنا ہوا ہے اور رائل رمبل میں شرکت کے بعد بیک اسٹیج بھی وہ کافی تکلیف میں نظر آئے۔

تو اب انڈر ٹیکر کو ہپ ریپلیسمنٹ سرجری کرانے کی ضرورت ہے اور ایسا ہونے کی صورت میں ڈاکٹروں کی جانب سے انہیں ریسلنگ میں شرکت کی اجازت ملنے کا امکان بہت کم ہے کیونکہ ایسا کرنے پر وہ ہمیشہ کے لیے معذور بھی ہوسکتے ہیں۔

تاہم اب یہ انڈر ٹیکر کے اوپر ہے کہ وہ یہ آپریشن ریسل مینیا سے پہلے کرواتے ہیں یا بعد میں، کیونکہ دیر کرانے کی صورت میں بھی خدشہ ہے کہ رنگ کے اندر فائٹ کے دوران وہ کسی سنگین انجری کا شکار نہ ہوجائیں جیسے 2014 میں ریسلر اسٹنگ سیٹھ رولنز کے ساتھ مقابلے میں زخمی ہوکر ریٹائر ہونے پر مجبور ہوگئے تھے۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.