کراچی (بی ایل آ ئی) میں استعمال شدہ موبائل فون کی خرید و فروخت کے حوالے سے پولیس، سی پی ایل سی اور الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ضابطہ اخلاق ترتیب دے دیا۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق موبائل خریدنے والے دکاندار کے لیے لازم ہے کہ وہ موبائل فون بیچنے والے شخص کے شناختی کارڈ کی کاپی حاصل کرے، عمل نہ کرنے کی صورت میں اگر فون چوری شدہ یا چھینا ہوا پایا گیا تو دکاندار مجرم ہوگا۔
اگر کسی دکاندار نے چوری شدہ یا چھینا ہوا موبائل فون بغیر تصدیق کیے فروخت کیا تو وہ خریدار مالک کو اس کی قیمت ادا کرنے کا پابند ہوگا اور دکاندار پر پاکستان پینل کوڈ ( پی پی سی) کی دفعہ 411 لاگو ہوگی۔
دکاندار پر لازم ہے کہ وہ استعمال شدہ موبائل فون فروخت کرنے والے شخص کا موجودہ قابل تصدیق موبائل فون نمبر حاصل کرے۔
اگر کوئی موبائل فون سی پی ایل سی کے ریکارڈ میں چوری شدہ یا چھینا ہوا پایا جائے تو دکاندار اس کو اپنے قبضے میں لے کر سی پی ایل سی، ایس آئی یو اور مارکٹ ایسوسی ایشن کو فوری اطلاع کرے۔
دکاندار کو کسی بھی بلاک کیے گئے فون کو اَن لاک کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے اور انہیں خریدے اور فروخت کیے گئے تمام موبائل فونز کا ریکارڈ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔