سپین کی سیاحت کو ترقی کیلئے پاکستان کو تعاون کی پیشکش ،باہمی تجارت میں بہتر ی کیلئے نجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہوگا:ہسپانوی سفیر

اسلام آباد(بی ایل آ ئی) ہسپانوی سفیر کارلوس موریلز نے کہا ہے کہ دیکھا جائے تو سپین سیاحت کے حوالے سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے ، جہاں گزشتہ سال 7 کروڑ 50لاکھ غیر ملکی سیاح آئے،حالانکہ اس کی اپنی کل آبادی محض4کروڑ60لاکھ افراد پر مشتمل ہے۔ ہسپانوی سفیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ انفراسٹرکچر کو بہتر بناکر پاکستان سیاحت کو فروغ دے سکتا ہے،جس میں سپین پاکستان کیساتھ تعاون بھی کرے گاجبکہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو مزید بہتر بنانے کیلئے سپین اور پاکستان کے نجی شعبوں کے مابین قریبی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ہسپانوی سفیر کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ جی ایس پی پلس کے پہلے سال سپین کیساتھ پاکستان کی برآمدات میں 44اضافہ ہوا ،دوسرے سال24فیصد مگر تیسرے سال محض 5فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔انہوںنے کہا کہ میری پاکستان کی تاجر برادری سے اپیل ہے کہ وہ سپین سے تجارت کو بڑھانے کیلئے اپنی کوششیں تیز کر دیں۔سپین میں رہنے والے پاکستانیوں کی تعداد 1لاکھ 20 ہزار سے زیادہ ہے۔جو دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے کا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔دونوں ممالک ایک دوسرے سے متعلق آگہی حاصل کرکے تجارت کو بہتر سے بہتر کر سکتے ہیں،پاکستان کو یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کی سہولت ملنے سے سپین کیساتھ برآمدات میں بہتری آئی جس کی بدولت سال 2015میں دونوں ممالک کی باہمی تجارت 1.1ارب ڈالر کی سطح تک جاپہنچی ہے۔
قبل ازیں اسلام آباد چیمبرکے صدر خالد اقبال ملک کا استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور سپین کی باہمی تجارت کی صلاحیت جتنی دکھائی دیتی ہے اس سے بہت کم ہے ۔پاکستان سپین کو چند ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کر رہا ہے۔ اوراسپین پاکستان کو مشینری ،پارٹس، کیمیائی سامان، مصنوعات اور لوہے و اسٹیل کی چند مصنوعات برآ کر رہا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کی تجارت چند مصنوعات تک ہی محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں کی روایتی و غیر روایتی مصنوعات پر توجہ دے کر باہمی تجارت کو بہتر کیا جا سکتا ہے، تجارتی وفود کا باکثرت تبادلہ اور ایک دوسرے کے ملک میں نمائشوں کا انعقاد کر کے بھی باہمی تجارت کوفروغ دیا جا سکتا ہے۔
About BLI News 3242 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.