پاکستان کی معاشی ترقی کے دنیا بھر میں چرچے ، پاناما کیس کا فیصلہ ملک و ملت کیلئے بہتر ہو گا: وزیر اعظم نواز شریف

لندن (بی ایل آ ئی) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بہت سے لوگوں نے ملکی ترقی کو پیچھے کھینچنے کی کوشش کی مگر انہیں کامیابی نصیب نہیں ہوئی، ہم تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں۔ پاکستان کی معاشی ترقی کے دنیا بھر میں چرچے ہیں اورڈیووس میں بھی اس کا تذکرہ ہوا۔ پاناما کیس کا جو بھی فیصلہ آئے گا وہ ملک و ملت کیلئے بہتر ہو گا۔
سوئٹزر لینڈ میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے بعد وزیر اعظم نواز شریف لندن پہنچے جہاں انہوں نے پارک لین فلیٹس میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاکستان معاشی میدان میں آگے بڑھ رہا ہے اس کے کافی چرچے ہیں اور ڈیووس میں بھی اس کی بات ہوئی ۔ ہم تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں اور اس سال بھی ہماری جی ڈی پی کی شرح نمو ساڑھے پانچ فیصد سے بڑھ جائے گی۔ہماری سٹاک مارکیٹ ایشیا میں پہلے اور دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے ، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے جہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری ہو رہی ہے ۔ سی پیک میں 55 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے ، پاکستان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا بھی خاتمہ ہو رہا ہے جبکہ دہشتگردی بھی کم ہو رہی ہے۔
پاناما کیس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کیس سپریم کورٹ میں چل رہا ہے اس لیے اس پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا جو بھی فیصلہ آئے گا وہ ملک و ملت کیلئے بہتر ہو گا۔ پاکستان کے اندر سب کو ملکی ترقی کو سپورٹ کرنی چاہیے اور ملک کو پیچھے کھینچنے کی بجائے اسے آگے بڑھانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ بہت سے لوگوں نے بہت زور لگایا ہے لیکن ان کا کچھ نہیں بنا جس کا مطلب ہے کہ پاکستان آگے بڑھتا رہے گا۔
مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر زبیر گل پر قاتلانہ حملے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زبیر گل پر حملہ بہت ہی افسوسناک اور قابل مذمت ہے جس نے بھی حملہ کیا ہے وہ پاکستانی نہیں ہے اس معاملے کی تہہ تک پہنچنا ہوگا۔ زبیر گل نے مسلم لیگ ن کے ساتھ ساتھ ملک کی بھی بہت خدمت کی ہے ان پر حملہ ہمارے لیے قابل برداشت نہیں ہے۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.