مری (بی ایل آ ئی) ملکہ کوہسار میں ایک بار پھر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں تو اضافہ ہوا ہی ہے ساتھ ہی مال روڈ پر ہزاروں سیاح بھی پھنس گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ملکہ کوہسار مری میں جب برفباری شروع ہوتی ہے تو ملک بھر سے ہزاروں سیاح وہاں کا رخ کرتے ہیں۔ سیاحوں کی بڑی تعداد اور برفباری کے باعث اکثر ہی راستے بند ہوجاتے ہیں اور سیاح سڑکوں پر ہی پھنس کر رہ جاتے ہیں جو انتظامیہ کیلئے بھی بڑا مسئلہ ہوتا ہے۔ گزشتہ دنوں جب مری میں برفباری شروع ہوئی تو سیاحوں کا جم غفیر یہ نظارہ دیکھنے پہنچ گیا لیکن بہت سے لوگ راستے میں ہی پھنس گئے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پیر اور منگل کی درمیانی شب بھی مری میں برفباری شروع ہوئی جس کے باعث ہزاروں سیاح پھنس گئے۔ ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی کثرت کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ہے اور ہزاروں سیاح مال روڈ پر ہی پھنس گئے ہیں ۔ حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ مری میں پہلے ہی بہت زیادہ رش ہے اس لیے یہاں آنے سے گریز کریں۔