کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مردم شماری کی قانونی اور سیاسی حیثیت ہے اس لئے یہ صحیح طریقے سے ہونی چاہئے۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ بغیر شناختی کارڈ والے شخص کو بھی مردم شماری میں شامل کیا جائے گا جبکہ شناختی کارڈ کا نہ ہونا بھی ریکارڈ کا حصہ بنا لیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری سندھ رضوان میمن اور آئی جی سندھ بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں زکوٰة و عشر کی صوبائی سطح پر وصولی کے بل، دینی مدارس، اطلاعات تک رسائی کے بل، امن وامان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبے، رینجرزاختیارات اور مردم شماری سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مردم شماری سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مردم شماری کا پہلا مرحلہ 15 مارچ کو شروع ہو جائے گا اور حیدر آباد اور گھوٹکی میں بھی پہلے مرحلے میں مردم شماری ہو گی جبکہ دوسرا مرحلہ 10 روز بعد شروع ہو گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سوال کیا کہ شناختی کارڈ نہ رکھنے والا مردم شماری میں شامل ہو گا؟ جس پر انہیں بتایا گیا کہ بغیر شناختی کارڈ والے شخص کوبھی مردم شماری میں شامل کیا جائے گا جبکہ شناختی کارڈ کا نہ ہونا بھی ریکارڈ کا حصہ بنالیا جائے گا ۔
About BLI News
3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.