سلیکان ویلی:
منافع کا مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرنے پر ایپل کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کے سی ای او ٹم کک کی تنخواہ میں کٹوتی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایپل کارپوریشن نے 2016 کے دوران اپنی تمام مصنوعات کی فروخت سے مجموعی طور پر 223 ارب اور 60 کروڑ ڈالر کا ہدف مقرر کیا تھا لیکن سال کے اختتام پر آڈٹ سے معلوم ہوا کہ ٹم کک کی سربراہی میں ایپل کارپوریشن کی مجموعی آمدنی 216 ارب اور 60 کروڑ ڈالر رہی، یعنی مقررہ ہدف سے 7 ارب ڈالر کم رہا۔
اس ’’کوتاہی‘‘ کی سزا کے طور پر ٹم کک کو کمپنی کی جانب سے دی جانے والی مراعات میں کٹوتی کردی گئی اور 2016 کےلئے انہیں مجموعی طور پر 87 لاکھ 50 ہزار ڈالر ادا کئے گئے جبکہ 2015 میں انہیں تنخواہ اور مراعات سمیت ایک کروڑ ڈالر سے بھی زیادہ دیئے گئے تھے۔
البتہ، سی ای او پر ترس کھاتے ہوئے کمپنی نے ٹم کک کی بنیادی تنخواہ کم نہیں کی جو اس وقت 30 لاکھ ڈالر سالانہ ہے۔