اسلام آباد:
وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کو پتا چل چکا ہے کہ انہوں نے صرف الزام لگایا تھا تاہم آج ان کی مفروضوں پر کھڑی عمارت گرگئی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کنفیوژن پرسیاست کی جاسکتی ہے لیکن کیس نہیں جیتا جا سکتا، عمران خان کو پتا چل چکا ہے کہ انہوں نے صرف الزام لگایا تھا لہذا آج ان کی مفروضوں پر کھڑی عمارت گرگئی ہے، انہیں پتہ چل چکا ہے کہ کنٹینر پر کی جانے والی باتوں سے کیس نہیں لڑا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالت کے باہر الزام لگاتے ہیں لیکن جب بات عدالت میں ثبوت پیش کرنے کی ہو تو وہ ناکام ہوجاتے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو دوسرا کام ڈھونڈنا چاہیے کیونکہ اب الزام تو 10 روز میں ختم ہونے والا ہے، عمران خان نے ساڑھے 3 سال کوئی کام نہیں کیا لیکن ہم نے سی پیک بنایا اور آپ نے صرف الزام لگایا۔