اسلام آباد سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں قائداعظم یونیورسٹی کے ڈین نے طلباءکے منشیات فروشی اور استعمال کرنے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں قائداعظم یونیورسٹی کی ڈین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ یونیورسٹی میں ایک روز 35طالب علم نشے میں لائبریری کی چھت پر ہلا گلا کرتے رہے، گرلز ہاسٹل میں تین طالبات بھی منشیات فروشی میں ملوث پائی گئیں۔
ڈین کا کہنا تھا کہ قائداعظم یونیورسٹی کی باونڈری وال بھی نہیں، باونڈری وال کے لیے ساڑھے سات کروڑ روپے درکار ہیں، یونیورسٹی میں ڈاکو بھی آجاتے ہیں۔
پولیس حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ قائداعظم یونیورسٹی سے ایک ہزار سے دو ہزار گرام چرس پکڑی گئی،سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں منشیات کے معاملات کو بے نقاب کرنے پر وی سی اور ڈین کی جان کو خطرہ ہے، ڈین اور وائس چانسلر کو آج ہی سیکیورٹی فراہم کی جائے۔