کلب کرکٹ کواستحکام بخشنے اورمتحرک کرنے میں کراچی کے زونل آفیشلزکا نمایاں کردار ہے‘ اعجاز فاروقی

کلب کرکٹ کواستحکام بخشنے اورمتحرک کرنے میں کراچی کے زونل آفیشلزکا نمایاں کردار ہے‘ اعجاز فاروقی
کے سی سی اے زون 2میں منعقدہ 4ٹورنامنٹس کی تقریب تقسیم انعامات پر جاوید احمد خان و دیگر مبارکبادکے مستحق ہیں
داؤداسپورٹس 3ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی لے اڑی ‘ ایک ونر ٹرافی منٹگمری جیم خانہ کو ملی‘ 2رنر ٹرافی یونائیٹڈ اسپورٹس کے نام
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے سی سی اے زون 2کے زیر اہتمام منعقدہ کے سی سی اے زون 2’اے‘ اور ’بی‘ ڈویثرن لیگ ، محمد علی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ اوراختر علی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات کا اہتمام مقامی ہال میں منعقد ہوا ۔ پروفیسر اعجاز فاروقی ، صدر کے سی سی اے اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ کراچی جملہ زونل آفیشلز قابل مبارکباد ہیں جنہوں نے کراچی کی کلب کرکٹ کو متحرک اور فعال بنانے میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائی ہیں اور ایک فیملی کی طرح رہتے ہوئے کراچی کی کرکٹ کو پاکستان کے دیگر ریجن کے مقابلے میں ممتاز کردیا ہے جس کا جملہ پاکستان میں برملا اعتراف بھی کیا جاتا ہے اور کراچی کی ٹیموں کی قومی سطح پر ہونے والے سینئر اور جونیئرایونٹس میں حاصل کی جانے والی فتوحات اس بات کی دلیل بھی ہیں۔یہ سب میرٹ کے باعث ممکن ہوا ہے۔ ہر زون کے کھلاڑی میرٹ کی بنیاد پر کراچی کی ٹیموں میں جگہ بنا رہے ہیں اس لئے کسی بھی زون کو سلیکشن پر نہ تو اعتراض ہے اور نہ ہی وہ اپنے کھلاڑی کے منتخب نہ ہونے پر خفگی کا اظہار کرتا ہے اسے معلوم ہے کہ میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہے۔سیکریٹری کے سی سی اے شفیق کاظمی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ کے سی سی اے زون 2کے صدر جاوید احمد خان ،سیکریٹری سید شاہد علی و دیگر قابل مبارکباد ہیں کہ انہوں نے نہ صرف اپنے آفیشلز ٹورنامنٹ مکمل کئے بلکہ تقریب تقسیم انعامات کرکے اپنی نیک نامی میں اضافہ کیا ہے ۔جوائنٹ سیکریٹری کے سی سی اے جمیل احمد نے دوران خطاب کہا کہ ہر زون میں کم از کم 5ٹورنامنٹس سالانہ بنیاد پر کرائے جائیں۔ الیکشن یا کسی بھی باعث کلب کرکٹ کو رکنا نہیں چاہیے۔ کلب کرکٹ کو زون2میں منظم انداز میں چلایا جارہا ہے اور اسے مزید بہتر کرنے کیلئے زون 2کی جانب سے ان کے الحاق شدہ کلبو ں کو یہ پیشکش کی جارہی ہے کہ اگر کوئی کلب ٹورنامنٹ کے انعقاد میں دلچسپی رکھتا ہے تو اسے 25ہزار روپے کی رقم زون2کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ایم سی گراؤنڈ کو اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے اور وہ تمام سہولیات یہاں فرہم کی گئی ہیں جو فرسٹ کلاس میچوں کی ضرورت ہے ۔ کوئی بھی زون یا کلب ٹی ایم سی گراؤنڈ میں کھیلنا چاہتا ہے تو اسے ویلکم کیاجائے گا۔جاوید احمد خان، صدر کے سی سی اے زون 2نے کہا کہ کلب کرکٹ کو انٹری فری کرکٹ کردیا گیا ہے اب صرف کھلاڑی کا کام صرف کھیلنا رہ گیا ہے۔ کرکٹ کھلانے کی ذمہ داری ہماری ہے انشاء اﷲ زون2میں کلب کرکٹ کی ترقی وبہتری کیلئے مزید اقدامات کریں گے۔ سید شاہد علی سیکریٹری زون2نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے یہا ں تشریف لا کر ہماری حوصلہ افزائی فرمائی ہے ۔اس موقع پر محمد اکرم، توصیف صدیقی، شہزاد عالم، ظفر احمد، ظہیر الدین،میڈیا منیجر ریاض احمد، افضل قریشی،عارف وحید، اجمل نصیب، آصف محمود، سید نسیم الدین، نصرت اﷲ، افضل شعری، اکرام نوری، نعیم احمد، فرید الدین، محمد رئیس، محمد یامین، ایس ایم عادل، مسرت رضا، امتیاز احمد، شمیم انورصدیقی، عتیق صدیقی،اعظم خان، افتخار الزماں، لیاقت علی ، کوچز اعظم خان ، عاصم رضوی، امیر الدین انصاری،ریحان صدیقی، اقبال خان، سعید علی، محمد نظام، سید ناصر اسمٰعیل، عبدالواحد، جمال اختر، اقبال قلی، نعیم پرویز، شاہد نواب ودیگر بھی موجود تھے۔بعدازاں مہمان خصوصی پروفیسر اعجاز فاروقی نے کے سی سی اے زون2’اے‘ ڈویثرن لیگ کی فاتح ٹرافی داؤد اسپورٹس اور رنر اپ ٹرافی یونائیٹڈ اسپورٹس ، کے سی سی اے زون2’بی‘ ڈویثرن لیگ کی فاتح ٹرافی منٹگمری جیم خانہ اور رنر اپ ٹرافی پاک فرمان سی سی ، محمد علی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی داؤد اسپورٹس اور رنر اپ ٹرافی یونائیٹڈ اسپورٹس اور اختر علی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی داؤد اسپورٹس اور رنر اپ ٹرافی منٹگمری جیم خانہ کو پیش کیں۔ ’اے‘ ڈویثرن لیگ میں یونائیٹڈ اسپورٹس کے راؤوقار،بہترین بیٹسمین،فاز اﷲ، بہترین بولر ، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ داؤد اسپورٹس کے نوید خان جبکہ اسی ٹیم کے جنید نعیم مین آف دی میچ فائنل قرار دئے گئے۔’بی‘ ڈویثرن لیگ کے گلشن معمار مصباح اﷲ، بہترین بیٹسمین، منٹگمری جیم خانہ کے محمد احسن ، بہترین بولر اور مین آف دی میچ فائنل جبکہ کریسنٹ کلب کے سہیل احسان پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیئے گئے۔محمد علی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین لاروش سی سی کے کامران حسین رہے ۔ داؤد اسپورٹس کے جنید نعیم بہترین بولر اور مین آف دی میچ فائنل جبکہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کی ٹرافی یونائیٹڈ اسپورٹس کے راؤ وقار کے حصہ میں آئی۔اختر علی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین منٹگمری جیم خانہ کے کپتان سعد اﷲ رہے۔بہترین بولر ڈھاکہ اسپورٹس کے عبدالودودبنے۔مین آف دی میچ فائنل عبدالطیف جونیجو قرار پائے جبکہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کی ٹرافی منٹگمری جیم خانہ کے بہادر علی نے اپنے نام کی۔پروفیسر اعجاز فاروقی کی جانب سے محمد علی مرحوم کی بیٹی کو 15ہزار روپے جبکہ منصورہ اسپورٹس کو بھی 15ہزار روپے پیش کئے گئے۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں کیلئے پُرتکلف لنچ کا انتظام کیا گیا۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.