بارشیں نہ ہونے سے زرعی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ

اسلام آباد: 

وفاقی حکومت نے بارشیں نہ ہونے کے باعث ربیع کی فصلوں کے اہداف پر نظرثانی کرنے پر غور شروع کر دیا ہے اور چاروں صوبوں سے رپورٹس طلب کر لی ہیں۔

وفاقی وزارت تحفظ خوراک وتحقیق کی طرف سے صوبوں کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ رواں سال موسیاتی تبدیلیوں اور بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے خشک سالی کا سامنا ہے جس سے ربیع کے سیزن میں اگائی جانے والی فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس سلسلے میں صوبوں سے گندم، چنے، مسور کی دال، آلو، پیاز، ٹماٹرکے زیر کاشت رقبے اور متوقع پیداوارکے حوالے سے استفسار کرتے ہوئے آئندہ ہفتے تک رپورٹس طلب کی ہیں۔

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر قومی تحفظ خوراک وتحقیق کے کمشنر فوڈ سیکیورٹی نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے الارمنگ صورتحال کا سامنا ہے، صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے چاروں صوبوں کو خط لکھ دیا ہے، اس کے بعد آئندہ کی حکمت عملی بنائی جائے گی، آئندہ ہفتے تک صوبوں کی رپورٹس آ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے بارانی علاقوں کی فصلیں شدید متاثر ہونے کا خطرہ ہے، بارانی علاقوں میں 25 فیصد گندم کاشت کی جاتی ہے، اسی طرح چنے اور دالوں کی فصل بھی شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

وزارت قومی تحفظ خوراک کی دستاویزات کے مطابق ربیع میں جو اہداف مقرر کیے گئے ہیں ان میں 9120ہزار ایکڑ پر گندم کی کاشت سے 26010 ہزار ٹن پیداوار کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، چنے کی 997.3ہزار ایکڑ رقبے پر کاشت سے 619.5 ہزار ٹن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، مسور کی کاشت کا ہدف 22ہزار ایکڑ اور پیداوار کا 10.1ہزار ٹن رکھا گیا ہے، آلو165.3ہزار ایکڑ پر کاشت اوراس سے 3656.5 ہزار ٹن پیداوار کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، پیاز 141.2ہزار ایکڑ پر کاشت اور 1830ہزارٹن پیداوار، ٹماٹرکے زیر کاشت رقبے کا ہدف 49.2ہزار ایکڑ اور پیداواری ہدف 469.5ہزار ٹن رکھا گیا ہے۔

وزارت قومی تحفظ خوراک وتحقیق کے حکام کا کہنا ہے کہ بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے گندم، چنا، دال کی فصلیں شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے اس لیے سیزن کے اہداف کا حصول ممکن نہیں رہے گا۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.