سینتیاگو:
چلی کے ساحلی علاقے میں زلزلے کے خطرناک حد تک جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے بعد حکام نے سونامی الرٹ جاری کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چلی کے جنوبی علاقے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جب کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی۔ خوفناک زلزلے کے بعد حکام نے سونامی الرٹ جاری کرتے ہوئے ساحلی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
چلی کے نیشنل ایمرجنسی آفس کے مطابق زلزلے کا مرکز 140 میل دور جنوب مغربی علاقہ پورٹی مونٹ تھا جب کہ اس کی گہرائی 15 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ ایمرجنسی سینٹر نے سونامی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ زلزلے کےمرکز سے ساحلی علاقوں میں ایک ہزار کلو میٹر تک لہریں اٹھ سکتیں ہیں اس لئے لاس لاگوس کے ساحلی علاقوں کو فوری طور پر خالی کردیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں چلی میں 8.3 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوگئے تھے اور اس سے قبل 2010 میں 8.8 شدت کے زلزلے نے ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی جس میں 524 افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوئے تھے جس پر چلی کی حکومت کو عالمی برادری سے مدد کی اپیل کرنا پڑ گئی تھی۔