متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور حاکم دبئی الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی ریاست کے لیے 2017 کے مالی سال کا بجٹ منظورکرلیا، اجمالی طور پر آئندہ سال کیلئے دبئی کا بجٹ 47 ارب 30 کروڑ درہم یعنی 12.8 ارب ڈالر رکھا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امار دبئی کے لیے منظور کردہ بجٹ میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 27 فیصد اضافی بجٹ رکھا گیا ہے۔ مقررہ اہداف سرپلس کے لیے 2 ارب اور 900 ملین درہم کا بجٹ رکھا گیا ہے جس کے نتیجے میں دبئی میں روزگار کے 3 ہزار500نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
دبئی کی مالیاتی کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمان آل صالح نے ایک بیان میں بتایا کہ مالی سال 2016 کے مالیاتی نظام میں دبئی کی حکومت کے زیرانتظام کمپنیوں کی نئی درجہ بندی کی گئی تھی۔ کئی نئی کمپنیوں کو اس بجٹ میں شامل کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں بجٹ کی آمدن اور اس کے اخراجات میں کمی آئی تھی۔اخبار البیان سے بات کرتے ہوئے آل صالح کا کہنا تھا کہ 2017 کے مالیاتی بجٹ میں 3 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔